ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سالانہ شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

اوسلو (قیصر محمود، سیکرٹری اطلاعات‘ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے) منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد 07 اکتوبر 2017 کو منہاج اسلامک سینٹر اوسلو میں کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل ہاگن (جرمنی) کے ڈائریکٹر علامہ پروفیسر صفدر مجید قادری تھے، جبکہ انگلینڈ سے علامہ مفتی یار محمد قادری، پرویز نثار، علامہ مفتی زبیر تبسم، علامہ اسرار احمد نقشبندی، علامہ مفتی طاہر عزیز، علامہ حافظ نصیر احمد نوری، علامہ صداقت علی قادری اور نوجوان سکالر ناصر علی اعوان سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائدین و کارکنان اور پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات مبارکہ کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت قاری انصر علی قادری نے حاصل کی۔ یاسین سعید، عبدالمنان، منہاج نعت کونسل کے صدر ہارون قیوم اور قاری انصر علی قادری نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام عالی مقام علیہ السلام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی نے سرانجام دیے۔

کانفرنس شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پروفیسر صفدر مجید قادری نے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی مؤدت اور شان امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کو موضوعِ سخن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نہ صرف ہر یزیدی کردار کی مذمت کرنی ہوگی بلکہ ہر یزید وقت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

محفل کے اختتام پر علامہ اسرار احمد نقشبندی نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور علامہ مفتی یار محمد قادری نے دعا کروائی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر پرویز نثار نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد اور بہترین انتظام و انصرام پر منہاج القرآن ایگزیکٹو، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران و کارکنان اور خصوصی طور پر حاجی مشتاق احمد اور میاں محمد اسلم کو مبارکباد پیش کی۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کی لنگرِ حسینی سے تواضع کی گئی۔

 

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top