منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا دورہ یونان 2017

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 07 اکتوبر 2017 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی دعوت پر یونان کے 3 روزہ دعوتی و تنظیمی دورے پر پہنچے۔ ایتھنز ایئرپورٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے عہدیداران و کارکنان نے سرکاری پروٹوکول کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ دورہ یونان کے پہلے دن وہ منہاج القرآن اسلامک سینٹر ریندی ایتھنز میں تشریف لائے جہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر محمد اسلم چوہدری نے عہدیداران و کارکنان کا تعارف کروایا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکاء سے تنظیمی تربیت کے موضوع پر مفصل گفتگو کی۔

پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس

مورخہ 8 اکتوبر 2017 کو صدارت محمد اسلم چوہدری کی صدارت اور محمد شاہد بٹ کی نگرانی میں پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر خالد عثمان قیصر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ماجد شبستانی تھے۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، ناصر اکبر قادری، مظہر اقبال قادری، ذوالفقار حسین، محمد زبیر قادری، محمد شہزاد قادری، ارشد محمود جہلمی، حافظ مظہر اقبال، باقر چغتائی اور صدر منہاج نعت کونسل یونان سجاد حسین قادری نے بارگاہِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نقابت کے فرائض خالد محمود قادری خطیب و امام منہاج القرآن الف سینا ایتھنز اور غلام سرور قادری نے سرانجام دیئے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ محرم الحرام میں خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیدہ فاطمہ بتول رضی اللہ عنہا کے شہزادے امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے دلکش پھولوں نے امت مسلمہ اور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کی حفاظت کے لئے کربلائے معلیٰ میں قربانیاں دیں۔ انہوں نے اسلام اور امت مسلمہ کو اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے حیات بخش دی اور ان کی قربانی امت مسلمہ کے ہر شخص کے کندھے پہ قرض ہے۔ یہ قربانیاں قیامت تک نہیں بھلائی جاسکتیں۔ سانحہ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ظلم کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص کسی تکلیف میں مبتلا ہو اور اس کے بعد وہ تکلیف چلی گئی اور وقت گزرنے کے بعد اگر ایک لمحے کے لئے اس شخص کو اپنے اوپر گرزنے والی تکلیف کا خیال آیا تو اس گزرنے والی تکلیف کا خیال آتے ہی اللہ رب العزت اپنے اس بندے کا ایک گناہ معاف فرما دیتا ہے اور ایک درجہ بلند کر دیتا ہے۔ یہ عظمتیں اللہ رب العزت نے آزمائشوں سے گزرنے والے کے لئے رکھی ہیں۔ اور جو لوگ اعمال صالحہ کرتے ہیں ان کے لئے میرا جنت کا وعدہ تو ہے ہی مگر ان نیک لوگوں پر جب آزمائش آجاتی ہے تو وہ صبر کا دامن تھام لیتے ہیں اور انا للہ وانا الیہ راجعون کہتے ہیں یعنی اللہ کے اس امتحان پر اللہ ہی کے ساتھ صبر کرتے ہیں، تو یہ لوگ انعام یافتہ ہیں ہی مگر آزمائشوں کے بعد ایک اعلان اور بھی ہے کہ یہ لوگ ہدایت یافتہ بھی ہیں۔

خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل راہ کربلا کی مسافر ہے، جو حسینی راستے پہ گامزن ہے۔ صرف اللہ اور اس کے رسولﷺ کی خاطر، نظامِ مصطفی ﷺ کے لیے، مظلوم و محکوم امت کے لیے دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اسلام کا صاف اور سنہرا چہرہ دنیا کے سامنے لانے میں مصروف ہے۔ یہ پیغام میدان کربلا کا ہے کہ جہاں ظلم ہوتا دیکھو اس کے خلاف انقلاب بپا کرنے میں مصروف ہو جاؤ۔

ڈاکٹر حسین قادری نے عظیم الشان پروگرام کے انعقاد پر منہاج القرآن یونان کے تمام ذمہ داران، وابستگان اور عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

خالد عثمان قیصر نے کانفرنس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 32 سال پہلے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمارے استاد رہ چکے ہیں اور ربع صدی گزرنے کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل میں چمک دھمک اور کشش موجود ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی تنظیم کو مبارک باد پیش کی۔

کانفرنس کے اختتام پر امتِ مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی اور مرزا امجد جان (یونیورسل سروس) کی طرف سے شرکاء کو لنگرِ حسینی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: شیخ اسد الٰہی ناظم نشرواشاعت منہاج القرآن یونان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top