تھپڑ کھانے والی اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک میں انہی ظالموں کے کہنے پر گولیاں برسائیں؟: ڈاکٹر طاہرالقادری

پنجاب ہاؤس کے کمرے گلو بٹوں کو الاٹ ہو چکے، آئندہ پیشیوں پر پوری فلم چلے گی
عوام موجودہ نظام، بے وقار اسمبلیوں اور جھوٹوں کو صدر بنانے والوں سے نفرت کرتے ہیں
تھانہ فیصل ٹاؤن میں آگ لگی نہیں لگائی گئی، بیرون ملک روانگی کے موقع پر ایئرپورٹ پر گفتگو
نومبر کے وسط میں وطن واپس آئیں گے، سینئر رہنماؤں نے ایئرپورٹ پر الوداع کہا

لاہور (14 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تنظیمی دورے پر 14 اکتوبر صبح لاہور سے بیرون ملک روانہ ہو گئے۔ وہ لندن اور برمنگھم کے تنظیمی دورہ پر گئے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک صبح 9:30 پر براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ متعفن نظام بری طرح ناکام ہو چکا، عوام بے وقار اسمبلیوں اور جھوٹوں کو صدر بنانے والے پارلیمنٹرین سے نفرت کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں تھپڑ کھانے والی پولیس انہی ظالم حکمرانوں کے کہنے پر اسلام آباد ڈی چوک میں پرامن سیاسی کارکنان پر گولیاں برساتی رہی اور آج ان تھپڑوں کا رخ ان کی طرف بھی ہو گیا۔ 17 جون 2014ء کے دن پولیس کے جعلی زخمیوں کی عیادت کرنے والے وزراء آج تھپڑ کھانے والے پولیس افسروں کی بجائے تھپڑ مارنے والوں کی پشت پر کھڑے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں آگ لگی نہیں لگائی گئی اور اس آگ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں، اہلکاروں، سانحہ میں استعمال ہونے والے اسلحہ کا اہم ریکارڈ جلایا گیا۔ کیا کیا جلا اس کی پوری تفصیل اس وقت ہی سامنے آئے گی جب ٹرائل کورٹ نے ریکارڈ طلب کیا۔

سربراہ عوامی تحریک کو لاہور ایئرپورٹ پر سینئر رہنماؤں اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد الوداع کہنے آئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کے اداروں کے پیش نظر یہ حقیقت رہنی چاہیے کہ گزشتہ چار سال میں صرف پنجاب میں ہزاروں کی تعداد میں خلاف ضابطہ اسلحہ لائسنس جاری ہوئے اور غیر قانونی اسلحہ کی خریداری کی سب سے بڑی منڈی پنجاب ہے۔ اشرافیہ اپنی چمڑی اور دمڑی بچانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتی ہے احتساب عدالت میں اشرافیہ کی پروڈکشن گاڈفادر فلم کا چھوٹا سا ٹریلر جاری ہوا، آئندہ پیشیوں پر پوری فلم چلے گی۔ پنجاب ہاؤس میں گلو بٹوں کو کمرے الاٹ ہو چکے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف کوٹھیوں میں کارکنوں کی آڑ میں خاص مہارت رکھنے والے جرائم پیشہ افراد کو رکھا گیا ہے، جنہیں بوقت ضرورت استعمال میں لایا جائیگا۔ دیکھتے ہیں ریاست کب ریاست ہونے کا ثبوت دیتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top