سپریم کورٹ الیکشن کنڈکٹ ایکٹ 2002ء کے خاتمے پر سوموٹو ایکشن لے: منہاج القرآن لاہور

اس ایکٹ میں قادیانیوں، احمدیوں کے بارے میں بنیادی نوعیت کی قانون سازی کی گئی تھی :حافظ غلام فرید
کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی ن لیگ اب دینی سالمیت پر حملے کررہی ہے، ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں خطاب

لاہور (15 اکتوبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس امیر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کنڈکٹ ایکٹ 2002ء جس میں احمدیوں اور قادیانیوں سے متعلق بنیادی نوعیت کی قانون سازی شامل تھی اسے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، اس کا انکشاف پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی 13 اکتوبر کی پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ الیکشن کنڈکٹ ایکٹ 2002 ء کے خاتمے کی وجوہات جاننے کیلئے سوموٹو ایکشن لے۔

اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حاجی محمد اقبال، فرخ حبیب خان، حاجی محمد حنیف، مرزا ندیم بیگ، میاں ممتاز حسین، حافظ صفدر علی و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی ن لیگ اب دینی سالمیت پر حملے کررہی ہے، قوم کی توجہ حلف نامے میں تبدیلی کی طرف مبذول کروا کر احمدیوں سے متعلق پورے قانون کو اڑا دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو الیکشن کنڈکٹ ایکٹ 2002ء کے خاتمے کی وجوہات بتانا ہونگی اور یہ بھی بتانا ہو گا کہ اس قانون سازی کے اہم حصے انتخابی اصلاحات ایکٹ میں شامل کیوں نہیں کیے گئے؟

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ ہم اس دہشت گردی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ حکمرانوں کو وارننگ دے رہے ہیں کہ وہ اس پر اپنی پوزیشن واضح کریں کہ پورے کا پورا قانون ختم کیوں کیا؟ کس کا دباؤ تھا؟ اور اس کی ضرورت پیش کیوں آئی؟ پاکستان میں سپریم قانون قرآن ہے اور قرآن نے خاتم النبین ﷺ کے عقیدے کو فصاحت کے ساتھ بیان کر دیا، ہم کسی کو اس میں نقب زنی کی جرات نہیں کرنے دیں گے۔ اجلاس میں تنظیم سازی، رفاقت سازی، حلقات درود کے قیام اور موبائل میڈیکل یونٹ کوپن کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ زونل نگران صوبائی حلقہ کی سطح پر دوروں کا آغاز کریں گے۔ اجلاس میں ربیع الاول کے استقبال اور یونین کونسل کی سطح پر محافل میلاد منعقد کرنے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں قربانی مہم میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنان میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top