پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کا صوبائی اجلاس
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کا اجلاس 16 اکتوبر 2017ء کو ملتان میں ہوا، جس میں صوبائی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر فیاض احمد وڑائچ نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف ہے۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ الیکشن 2018 ء میں کرپٹ عناصر کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑے گی اور ملک بھر سمیت جنوبی پنجاب میں انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سوچی سمجھی سازش کے تحت اپنے مغربی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت کا ایشو کھڑا کیا، شق واپس لینے کے باوجود ابھی تک حلف نامہ میں تبدیلی کے ذمہ داران کو سامنے نہیں لایا جاسکا۔ پنجاب کا صوبائی وزیرقانون جو سانحہ ماڈل ٹائون کا ماسٹر مائنڈ بھی ہے، کوعقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے ہرزہ سرائی کرنے پر فوری برطرف کرکے مقدمہ چلایا جائے۔
صوبائی سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملتان میٹرو بس کے فلاپ منصوبے کے بعد ملتان کی سڑکوں پر خالی رواں دواں فیڈر بسیں بھی پنجاب حکومت کی کرپشن کا شہکار ہیں جن کے چلنے سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ ہم سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داران کو انجام تک پہنچانے کیلئے بھرپور قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور قاتلوں کو انجام تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ملتان میں صوبائی سیکرٹریٹ کی تعمیر کے حوالے سے میجر محمد اقبال چغتائی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی میڈیا کوارڈینیٹر رائو محمد عارف رضوی کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ چوہدری قمر عباس دھول، رائو محمد عارف رضوی، محمد شاہد آرائیں، اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ، فیاض فیصل بزدار، حافظ شعیب مصطفی، محمد طیب، میجر محمد اقبال چغتائی اور رائو وقاراحمد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
تبصرہ