فرد جرم حقیقت پر مبنی، اشرافیہ کے پاس منی ٹریل نہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین

طاقتور اور کمزور میں فرق کرنیوالے معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، CWC سے خطاب
نیب کو کرپشن کے گُر سکھانے والے گرو کہہ رہے ہیں نیب کرپٹ ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

لاہور (19 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنما، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ فرد جرم میں عائد الزامات کے حوالے سے شریف خاندان سے ایک سال سے وضاحتیں مانگی جا رہی تھیں جو وہ نہیں دے سکا، فرد جرم کے الزامات درست ہیں، ملزمان شور مچانے کی بجائے بے گناہی کے ثبوت دیں۔ انتخابی جلسوں کی تقریروں، میڈیا کانفرنسوں اور عدالتی کارروائی میں فرق ہوتا ہے، انسانی حقوق کی دہائیاں دینے والے بتائیں جب ماڈل ٹاؤن میں 100 شہریوں کو گولیاں ماری گئی تھیں اور 14لاشیں گرائی گئیں تب انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور سیاسی اخلاقیات کہاں تھی؟

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ، ساجد بھٹی، جواد حامد، رانا محمد ادریس، سہیل رضا، فرح ناز، عرفان یوسف و دیگر رہنما شریک تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ جن معاشروں میں طاقت ور اور کمزور ملزم کے درمیان فرق کیا جاتا ہے وہ تباہ ہو جاتے ہیں۔ آج ہماری تباہی، بربادی اور بد حالی کی سب سے بڑی وجہ قانون کا امتیازی استعمال ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کو کرپشن کے گر سکھانے والے گرو کہہ رہے ہیں کہ نیب کرپٹ ہے۔ نیب نے اشرافیہ پر ہاتھ ڈالا تو اس کے خلاف کرپٹ ہونے کی مہم شروع کر دی گئی، اسی نیب نے اشرافیہ کے خلاف 15 سال آنکھوں پر پٹی باندھے رکھی۔ نیب کا سابق چیئرمین جاتے جاتے شریف خاندان کو ریلیف دے کر گیا وہ گرفتار بھی کر سکتا تھا اور نام بھی ای سی ایل میں ڈال سکتا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن کشی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار طاقتوروں کا احتساب ہو رہا ہے اسکا ملک و قوم کو فائدہ اس وقت پہنچے گا جب یہ احتساب قانون کے مطابق مکمل ہو گا، اگر کوئی این آر او آیا یا قانون نے آنکھوں پر پٹی باندھی تو پھر تباہی کا اندازہ لگانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو عدالت یا کمشن شریف برادران کی قتل و غارت گری یا چوری پکڑے تو یہ اس کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کر دیتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top