مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات قابل مذمت ہیں: فرح ناز

قابض سٹیٹ فورسز خواتین کی توہین اور استحصال میں براہ راست ملوث ہیں، مرکزی صدر ویمن ونگ PAT
ن لیگ کے موجودہ دور حکومت میں آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، افنان بابر، عائشہ مبشر

لاہور (19 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہیں۔ مقبوضہ وادی میں قابض سٹیٹ فورسز خواتین کی توہین کے ان واقعات میں براہ راست ملوث ہیں یہ ماورائے قانون و اخلاق سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے ان واقعات کی روک تھام اور ہر طرح کے استحصال کو بند کروانے کیلئے بین الاقوامی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیری عوام کو آزادی کا حق مانگنے سے روکنے کیلئے قابض فورسز نت نئے ہتھکنڈے اختیار کرتی رہتی ہیں، گھروں میں گھس کر اور راہگیر خواتین کو بے ہوش کر کے ان کی چٹیا کاٹنے کا تعلق ریاستی دہشتگردی سے ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، کشمیری عوام کو آزادی کیلئے جدوجہد کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

افنان بابر، عائشہ مبشر نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں جدوجہد آزادی کشمیر کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا، اشرافیہ نے سفارتی مشنوں کو کشمیر کا نام استعمال کرنے سے روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت خواتین کا احترام کرے، اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی میں خواتین کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top