میرپور آزاد کشمیر میں شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

تحریک منہاج القرآن میرپور اور ایم ایس ایم میرپور کے زیراہتمام 23 اکتوبر 2017ء کو ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ منعقد کی گئی۔ کانفرنس کا آغاز باقاعدہ تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اس کے بعد منقبت اشتیاق احمد مصطفوی نے پیش کی۔ کانفرنس سے علامہ جمیل احمد زاہد مرکزی ناظمِ دعوت تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ اہلِ بیت اطہار کی محبت ایمان کی اصل اور حضور ﷺ کا دائمی عمل رہا ہے۔ یہ دائمی عمل بعدازاں صحابہ کرام کے مزاج اور کردار میں بھی رہا ہے۔ مگر بعض شرپسند عناصر اور اغیار نے اہلِ بیعت اور صحابہ کرام کے تعلق میں چہ مگوئیاں کر کے فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی کوشش کی۔ مگر ان کی یہ کوشش کبھی بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حسین علیہ السلام نے اپنا سر دے دیا مگر ظلم و بربریت کے آگے سر تسلیم خم نہیں کیا۔

صدر تحریک منہاج القرآن میرپور حافظ احسان الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی یزیدی طاقتیں عوام کے حقوق پر قابض ہیں۔ آج بھی عورتوں کی عصمت دری ہو رہی ہے۔ آج بھی اسلام کے نام پر قتل و غارت ہورہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج بھی حسینی فکر کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن وہ واحد تحریک ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری وہ واحد قائد ہیں جو عقائد صحیحہ کو لیے یزیدی طاقتوں کا قلع قمع کرنے کا عزم لیے جماعت انقلاب کی تیاری کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں محمد امتیاز احمد، محمد الیاس ملنگی، مظہر حسین قادری، محمدنثار نے خصوصی طور پر شرکت کی اورمرزا مقصود احمد مغل ناظم مالیات، اشتیاق حسین، فیصل محمود، وقاص خلیل، راجہ خورشید قادری، ثاقب محمود اور مصطفوی موومنٹ کے دیگر کارکنان نے اس کانفرنس کو منعقد اور کامیاب کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس ایمان افروز خطاب کو قرب و جوار میں کئی افراد اور تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بذریعہ ٹیلیفون بھی سنا۔ آخر میں دعائیہ کلمات کے ساتھ اس کانفرنس کا اختتام ہوا۔

رپورٹ : بابر مغل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top