’’ورلڈ پیس اور مذاہب کا کردار‘‘ انٹرنیشنل کانفرنس 11، 12 نومبر کو ہو گی

کانفرنس کا انعقاد منہاج یونیورسٹی اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کے مشترکہ تعاون سے ہو رہا ہے
آسٹریلیا، سوئٹزر لینڈ، انڈیا، سری لنکا، سنگاپور، عرب امارات کے سکالرز مقالہ جات پیش کرینگے
سکالرز انسداد دہشتگردی کے حوالے سے مذاہب عالم کا بیانیہ پیش کرینگے: ڈاکٹر حسین محی الدین

لاہور (7 نومبر 2017ء) منہاج یونیورسٹی لاہور اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمشن کے مشترکہ تعاون سے11 اور 12 نومبر کو ’’ورلڈ پیس اور مذاہب کا کردار‘‘ کے موضوع پر انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہو گی۔ کانفرنس میں سنگا پور، انڈیا، ملائشیا، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، سری لنکا اور پاکستان سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈاکٹرز، سکالرز خطاب اور مقالہ جات پیش کریں گے۔ اسلا آباد میڈیا سیل کے مطابق تحریک منہاج القرآن کے صدر اور MUL کے بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے بتایا کہ ورلڈ پیس میں مذہب کا کردار کے موضوع پر اپنی نوعیت کی یہ پہلی اہم کانفرنس پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ سکالرز کی طرف سے شرکت کی کنفرمیشن موصول ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور عالمی امن کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ مذہب امن کے فروغ کیلئے کس طرح اہم کردار ادا کر سکتا ہے؟ اور دہشتگردی کے خاتمہ کی حالیہ بین الاقوامی لہر کوختم کرنے کیلئے مذاہب عالم کے بیانیہ سے کس طرح استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

مہمان سپیکرز عصر حاضر کے ان اہم ترین موضوعات پر تحقیقی مقالہ جات پیش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک ہے، بین الاقوامی سکالرز کا انسانی بقا اور بین المذاہب ہم آہنگی و مکالمہ کے حوالے سے اس اہم موضوع پر اظہار رائے کیلئے پاکستان آنا اعزاز کی بات ہے، الحمد اللہ یہ قومی خدمت منہاج یونیورسٹی لاہور کے حصے میں آئی، انہوں نے بتایا کہ اس انٹرنیشنل کانفرنس کے حوالے سے منہاج یونیورسٹی کے سکول آف ریلیجن اور سکول آف پیس اینڈ کاؤنٹر ٹرارزم اہم انتظامی کردار ادا کر رہا ہے۔ انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف اسلام کے مفصل بیانیہ کے بعد پہلی بار اس موضوع پر ہندو ازم، بدھ ازم، سکھ ازم، عیسائیت و دیگر مذاہب کے بارے میں فاضل مقررین روشنی ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کو اس کانفرنس میں بطور خاص مدعو کر رہے ہیں تاکہ اس اہم کانفرنس کے پر مغز مباحثہ سے جملہ مکتب فکر اور سوسائٹی کے پڑھے لکھے افراد، دانشور حضرات بھی مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس انٹرنیشنل کانفرنس میں پیش کئے جانیوالے مقالہ جات اور تجاویز کو MUL بعد ازاں کتابی شکل میں بھی شائع کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top