منہاج یونیورسٹی لاہور میں دو روزہ عالمی امن کانفرنس

منہاج یونیورسٹی لاہور اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمشن کے مشترکہ تعاون سے دو روزہ عالمی امن کانفرنس 11 نومبر 2017ء کو شروع ہوئی۔ کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی سکالرز نے کہا کہ کوئی مذہب دہشتگردی کی جازت نہیں دیتا، مذہبی تعلیمات پر صدق دل سے عمل کیا جائے تو دہشتگردی اور انتہا پسندی کو کوئی جگہ نہ ملے۔ مذہب کا سچا پیروکار دہشتگرد نہیں ہو سکتا۔ بین الاقوامی مکالمہ سے انتہا پسندانہ بیانیہ کو رد کیا جا سکتا ہے۔ بین الاقوامی سکالرز نے اس اہم موضوع پر عالمی کانفرنس کے انعقاد پر منہاج یونیورسٹی کی کاوش کو سراہا۔ مہمان سکالرز نے منہاج القرآن کے بانی و سر پرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی امن کیلئے علمی خدمات کو سراہا۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنز کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام پڑھے لکھے طبقات طلباء و طالبات ہر قسم کے انتہائی رویوں سے نفرت کرتے ہیں وہ سمجھتے ہیں اسلامی تعلیمات میں انتہا پسندی اور تنگ نظری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی نے بین المذاہب مکالمہ کی بنیاد رکھی ہے، یہ سلسلہ آگے بڑھے گا۔ MUL کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کانفرنس کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں بائبل ریورنڈ سیلم سلطان، گیتا سروا بوما، گرو گرنتھ کلیان سنگھ اور بدھ ازم کی تعلیمات ڈاکٹر اینڈرائن نے پیش کیں۔

منہاج یونیورسٹی لاہور سکول آف ریلجنز کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ہرمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے عوام امن پسند اور مذہب سے محبت کرنیوالے ہیں، ہر مذہب امن اور محبت کی تعلیم دیتا ہے۔ ایف سی یونیورسٹی کے ڈاکٹرہربرٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذاہب میں ان مشترکات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جن سے امن اور محبت فروغ پاتی ہے۔ آغوش کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم مشتاق نے مترجم کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پلورل ازم‘‘ مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے۔

آسٹریلیا کے مہمان سکالر ڈاکٹر ایڈرائن فیلڈ من نے کہا کہ ثقافتی اعتبار سے ہم مختلف ہو سکتے ہیں مگر مذہبی اعتبار سے ایک ہیں، ہر مذہب اخلاقی، انسانی تعلیمات سے مزین ہے۔ سنگاپور سے آئے ہوئے مہمان سکالر ڈاکٹر روہان گنارٹا، ملائشیاء سے آئے ہوئے مہمان سکالر ڈاکٹر آغس یوسوف نے طلبہ و طالبات و میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دئیے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض میڈیم سمرین نے انجام دئیے۔ کانفرنس میں خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، کرنل (ر) احمد خان، کرنل (ر) مبشر اقبال، جی ایم ملک، رفیق نجم، طاہرشکیل، خرم شہزاد، مس رابعہ اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات کانفرنس میں شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top