چکوال: استقبال ربیع الاول ریلی

تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیراہتمام سالانہ استقبال ربیع الاول ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز 15 چوک سے شروع ہوا جس میں شہر بھر سے مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء درود و سلام اور نعتیں پڑھتے ہوئے آگے بڑھتے گئے۔ جلوس پر تلہ گنگ روڈ کے تاجروں نے جگہ جگہ پھول نچھاور کیے اور استقبال کیا۔

ریلی میں بچوں کا جوش بھی دیدنی تھا جو سارے راستے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا ہلا کر دے رہے تھے۔ ریلی میں شرکاء نعرہ تکبر و رسالت، قانون تحفظ رسالت زندہ باد، سرکار ختم نبوت زندہ باد اور تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

طاہر اعوان ایڈووکیٹ نے میلاد ریلی میں نقابت کے فرائض سر انجام دیئے۔ ریلی تلہ گنگ روڈ سے گزر کر بھون چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں نوجوان سکالر محمد جاوید قادری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آمد رسولﷺ سے کفر و ظلمت کے اندھیرے چھٹ گئے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ کائنات کو جو جو نعمت بھی عطا ہوئی وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے سے عطا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحفظ ناموس رسالت جیسے حساس مسئلے کو چھیڑ کر حکومت وقت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

صدر پاکستان عوامی تحریک ضلع چکوال سید سعید شاہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بیہمانہ تشدد انتہائی قابل مذمت ہے اور ہم حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر ان کے خلاف آپریشن بند کیا جائے۔

صدر علماء کونسل چکوال حافظ محمد خان نے کہا کہ ہم یہ قرار داد پیش کرتے ہیں کہ ہم حکومتی تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قانون کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دیں گے۔ ریلی کا اختتام دعا سے ہوا، میلاد ریلی کی سیکیورٹی کے فرائض ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے سرانجام دیئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top