نجفی کمشن کی رپورٹ آنے پر قاتل اعلیٰ کی سیٹی گُم اور نیندیں اڑی ہوئی ہیں : ڈاکٹر طاہرالقادری

ماڈل ٹاؤن کے انسانی المیہ پر اپوزیشن جماعتیں شہدا کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہیں
قانونی حکمت عملی بنا لی، 14 دسمبر کا وکلاء کنونشن اہم، قاتلوں کو استعفے دینے پڑینگے
سازشیوں کا کوئی پراپیگنڈہ اور انتقامی ایجنڈا انصاف کی جنگ میں رکاوٹ نہیں بن سکے گا
قصاص کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ابھی وقت ہے، ملوث پولیس افسر منہ کھول دیں، سچ اگل دیں، خطاب

لاہور (11 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے انسانی المیہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد اور شہداء کے ورثاء کے شانہ بشانہ ہیں۔ حکمرانوں کا کوئی سازشی پروپیگنڈہ اور انتقامی ایجنڈا انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بن سکے گا۔ جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ کے حوالے سے قاتل حکمرانوں کے ’’قاتلانہ ترجمے‘‘ اور غلط بیانیاں قانونی، سیاسی، عوامی حلقوں نے مسترد کر دیں، 14دسمبر کا وکلاء کنونشن انتہائی اہم ہے پاکستان بھر سے نمائندہ وکلاء شریک ہوں گے، قانونی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ شہباز حکومت کا بیانیہ عدالت عالیہ میں بھی مسترد ہو چکااب خیر اسی میں ہے کہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ عہدوں سے الگ ہو جائیں، قاتلوں کو استعفے دینے پڑیں گے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء رہنماؤں اور پارٹی کے سنیئر قائدین کے ایک اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قا ئدین سے صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر گفتگو ہو رہی ہے اور انکی ہمیشہ کی طرح غیر مشروط حمایت ملی ہے، جسٹس باقر نجفی کمیشن نے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے قاتلانہ کردار کو کھل کر بے نقاب کر دیا ہے، انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے کمشن کے اختیارات محدود کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا، اس کے باوجود شواہد اتنے واضح تھے کہ قاتلوں کے نام ازخود ابھر کر سامنے آ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ جب سے جسٹس باقر نجفی کمشن کے حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں قاتل اعلیٰ پنجاب کی سیٹی گُم اور انکی نیندیں ا ڑی ہوئی ہیں اور انہیں عدالتی رپورٹ میں رقم حقائق کی تردید کی جرات بھی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ جیسی غیر جانبدار جے آئی ٹی بننے کی دیر ہے، مجھے کیوں نکالا کا واویلا کرنیوالے نواز شریف بھی دھر لئے جائیں گے کیونکہ انکی منظوری سے مشتاق سکھیرا قتل و غارت گری کیلئے کوئٹہ سے لاہور لائے گئے، سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن نے جو حقائق بے نقاب کئے ہیں انکی روشنی میں قانونی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا نے کا وقت آ گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ وہ پولیس افسرا ن جو سانحہ میں ملوث ہیں اور انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تاریخیں بھگت رہے ہیں انکے پاس بھی ابھی وقت ہے کہ وہ قربانی کا بکرا بننے کی بجائے سچ اگل دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہاکہ قاتل حکمرانوں نے پہلے بھی بہت الزام تراشی کی اور الٹا لٹکنے کے باوجود شہدائے ماڈل ٹاؤن کے غریب ورثاء کو نہ خرید سکے نہ ڈرا سکے اب بھی وہ اپنے مذموم اور گھناؤنے منصوبوں میں کا میاب نہیں ہو سکیں گے اب تو انکی مہلت بھی ختم ہو گئی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top