ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر احتجاج میں عوام کی شرکت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے: حافظ غلام فرید

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل کان کھول کر سن لیں ایک ایک ظلم کا حساب ہو گا
لاہور کے ٹاؤنز اور یونین کونسلز تک ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام پہنچانے کیلئے اہداف متعین
تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، فورمز کے پی پی اور یونین کونسل سطح کے عہدیداران کی شرکت

لاہور (11 دسمبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس امیر لاہور حافظ غلام فرید کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں لاہور کے جملہ فورمز کے پی پی اور یونین کونسل سطح کے عہدیدار موجود تھے، اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک کے کارکنان نے لاہور کے ٹاؤنز اور یونین کونسلز تک ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام پہنچانے کیلئے اہداف متعین کر لئے ہیں جس کو حاصل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر عوامی رابطوں کارنر میٹنگز کا آغاز کر دیا گیا ہے، سربراہ عوامی تحریک جب بھی آواز دیں گے عوام کی شرکت کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل کان کھول کر سن لیں ایک ایک ظلم کا حساب ہو گا، آئین اور قانون کے مطابق عوامی تحریک کے شہداء کا قصاص لیا جائیگا۔ لاہور کے عہدیدار ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، شفاقت علی مغل، خلیل احمد حنفی، صدر یوتھ لاہور حاجی فرخ خان، عمر اعوان، حاجی حنیف قادری، اصغر ساجد، راجہ محمود عزیز، انجنیئر ثناء اللہ خان، چوہدری محمد اقبال و دیگر موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے مخالفین کے منفی سیاسی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پر امن انقلاب کے ذریعے جمہوریت کی حقیقی روح کو زندہ کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا عوامی فلاح ہے جس سے حقیقی خوشحالی عوام کا مقدر بنے گی۔ نا سمجھ سیاسی ٹولے کو معلوم ہونا چاہیے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد آئینی و جمہوری ہے۔ عوام پر امن طریقے سے قاتلوں اور مفاد پرست ٹولے کا تختہ الٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب عوام جمہوریت کے نام پر مسلط آمریت کا نظام سپرد خاک کر دیں گے، سیاسی مخالفت کی بنیاد پر انسانیت کا قتل عام جمہوریت نہیں بلکہ بد ترین آمرانہ سوچ کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے کارکن اپنے قائد کی کال کے منتظر ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری جب بھی آواز دیں گے لاہور سے عوام کا سمندر نکلے گا۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہوا ہے اور ہم ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قاتل اپنے انجام کو نہیں پہنچ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر بیٹھے قاتلوں کا ٹھکانہ جیل اور پھانسی کا پھندا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top