الہ آباد: تحریک منہاج القرآن رسول پور کے زیراہتمام ختم نبوت کانفرنس
تحریک منہاج القرآن الہ آباد یونین کونسل رسول پور کے زیراہتمام تاجدار ختم نبوت کانفرنس 8 دسمبر 2017ء کی شب جامع مسجد کھجور والی پولیکے میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت منہاج القرآن کے مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی نے کی۔ یہ پروگرام محمد سیلم منہاجین کے والد گرامی حافظ محمد منشاء سلیمی، چچا حاجی رشید احمد اور کزن حافظ محمد سعید عطاری کی سالانہ برسی کے سلسلہ میں منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام میں پتوکی سے خطیب اعظم اور اہل سنت کے نامور عالم علامہ محمد رمضان نقشبندی مہمان خصوصی تھے۔ آستانہ عالیہ بابا ولی سرکار کے سجادہ نشین صاحبزادہ ظفراقبال جنید، منہاج القرآن الہ آباد کے رہنماء شیخ محمد نواز شریف، کونسلر شیخ شوکت علی اور محمد اکرم شاہ نے بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، قاری محمد رضوان نے تلاوت و نقابت کی۔ محمد صائم عطاری اور دیگر ثناء خوانوں نے نعت خوانی کی۔
علامہ محمد رمضان نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد مصطفیٰ منانا خود اللہ کی سنت ہے۔ انبیاء کرام بھی ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظار میں مکۃ المکرمہ میں زندگی گزارتے رہے۔ اقابرین نے بھی میلاد منایا اور آج ہم بھی میلاد مصطفیٰ منا کر سنت الہیہ کو زندہ کر رہے ہیں۔
علامہ محمد لطیف مدنی نے کانفرنس میں خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور ہر مسلمان کا جینا مرنا ختم نبوت پر ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان خاتم النبین تمام انبیاء سے افضل ہے۔ آقا علیہ السلام سے محبت کرنے والا مسلمان آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت و ناموس پر مرنے مٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
میلاد النبی صلی اللہ وآلہ وسلم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے محبوب کی ولادت کی خاطر یہ کائنات ہست و بود تخلیق فرمائی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کی شان دنیا والوں کو بتانا تھی، اسی لیے اس نے قیامت تک سارا نظام تخلیق فرمایا۔ مخلوقات عالم بنائی اور جس نبی آخر الزمان کو دنیا میں بھیجا، اسے جملہ تمام مخلوقات اور عوالم کا نبی بنا کر بھیجا۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے محبوب کی آمد کو دنیا والوں کے لیے اپنا فضل اور رحمت قرار دیا۔ اب دنیا والوں نے فضل اور رحمت خدا کا امیدوار بننا ہے تو بوسیلہ مصطفیٰ فضل اور رحمت تلاش کرنا ہوگا۔
محفل کے اختتام پر درود و سلام اور ختم پاک بھی پڑھا گیا، جس کے بعد تمام شرکاء کو ضیافت میلاد دی گئی۔ پروگرام کی میزبانی عبدالمجید انصاری، محمد سلیم اور وحید احمد نے کی جبکہ نعیم احمد، تنویر احمد، محمد صائم اور وسیم رشید کانفرنس کی انتظامیہ میں شامل تھے۔
تبصرہ