ہر وہ عمل جسے اللہ پسند کرتا ہے، عبادت ہے: علامہ رانا ادریس

قوم امانت اہل اور دیانت دار لوگوں کے سپرد کر دے تو ملک کے حالات بدل جائیں
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (22 دسمبر 2017) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ ہر وہ عمل جسے اللہ پسند کرتا ہے اور اس سے راضی ہوتا ہے، اسے عبادت کہتے ہیں۔ جھوٹ چھوڑ کر سچ بولنا شروع کر دیں یہ عمل اللہ کو پسند ہے اس لئے یہ بھی عبادت میں شمار ہو گا، توبہ کرنے کا عمل اللہ کو پسند ہے، توبہ حقیقی روح کے ساتھ ہو تو یہ بھی عبادت ہے۔ حقوق العباد کی ادائیگی بھی عبادت ہے، ہ وہ عمل جسے اللہ پسند کرے اور اس پر عمل کرنے سے راضی ہو اسے عبادت کہتے ہیں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں سے رحم کرنے کا عمل اللہ کو پسند ہے اس لئے یہ بھی عبادت ہے۔ ہمارے معاشرے میں عبادت کے تصور کو انتہائی محدود کر دیا گیا ہے۔ اسلام نے عبادت کا اتنا وسیع تصور دیا ہے کہ سڑک پر پڑے پتھر کو اس نیت سے ہٹا دینا کہ دوسرا حادثے سے محفوظ ہو جائے یہ بھی عبادت کے بلند درجے پر آ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسان کو ہر لمحہ اپنے رب کے سامنے عاجزی اور انکساری میں رہنا چاہیے۔ اللہ کے بندوں کے ساتھ نرمی، شفقت اور محبت سے پیش آنا چاہیے۔ امانتیں اہل لوگ کے سپرد کرنا بھی عبادت ہے۔ پاکستانی قوم امانت اہل اور دیانت دار لوگوں کے سپرد کر دے تو ملک کے حالات بدل جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top