آصف علی زرداری 29 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے

عدلیہ آئین کے تابع نواز شریف ٹولہ آجکل کسی اور کے تابع ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
نجی محفلوں میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی اشرافیہ اب اعلانیہ دشمن کی بولی بولنے لگی ہے
دونوں بھائی ایک پیج پر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش میں ہیں: سربراہ عوامی تحریک

لاہور (27 دسمبر 2017) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری 29 دسمبر کو رہنماؤں کے ہمراہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہو گی۔ ملاقات میں 30 دسمبر کی اے پی سی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال ہو گا۔ دونوں رہنماؤں میں ملاقات 3 بجے سہ پہر ہو گی۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء و مشائخ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے۔ نجی محفلوں میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے نواز شریف اب اعلانیہ بھی دشمن کی بولی بولنے لگے ہیں، عدلیہ آزاد اور آئین کے تابع ہے نواز شریف ٹولہ آج کل کسی اور کے تابع ہے۔ دونوں بھائی قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں دونوں ایک پیج پر ہیں۔ دونوں کا ایجنڈا 10 ارب ڈالر کو 20 ارب ڈالر اور 20 کو 30 ارب ڈالر میں بدلنا ہے۔ جب ادارے کمزور اور افراد مضبوط ہوتے ہیں تو پھر قومی مفاد قربان ہوتے ہیں اور ظلم و نا انصافی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی لاشیں گرتی ہیں۔ نا اہل نواز شریف نے ارادتاً ختم نبوت کے قانون کو ختم کیا، حلف نامہ بدلا وہ اپنے ریلیف کیلئے بیرونی قوتوں کو اپنا سیکولر چہرہ دکھانا چاہتے تھے۔ قانون واپس لے کر انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ سوال یہ ہے کہ ختم نبوت کے قانون کو کیوں چھیڑا گیا؟

اجلاس میں مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ سید علی عابد مشہدی، علامہ حافظ طاہر ضیاء، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ سید امداد حسین شاہ اور علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ محمد نواز کوکب، علامہ محمد یونس سعیدی، علامہ افتخار حسین گولڑوی، علامہ اویس قادری، علامہ غلام سرور نقشبندی و منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میری اصل طاقت میرے کارکن اور عوام ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی تائید و حمایت اور اظہار یکجہتی سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے ہر صفحے پر پنجاب حکومت کو قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے، انصاف مانگ رہے ہیں جو قاتل اشرافیہ کے عہدوں پر برقرار رہتے ہوئے نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ سوسائٹی میں عدل و انصاف کے قیام کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ علماء و مشائخ عوام کو غلام سمجھنے والے ظالم حکمرانوں اور انہیں تحفظ دینے والے نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ علماء و مشائخ قوم کے سب سے بڑے فکری رہنماء ہیں۔ ملک میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ اسلام ریاست میں حقوق کا جو تصور دیتا ہے اس کی دھجیاں ہر طرف بکھری دکھائی دیتی ہیں۔ عادلانہ نظام اور دیانت دار معاشرے کے قیام کیلئے علماء و مشائخ کو قاتل، ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top