منہاج یونیورسٹی میں 6 روزہ سالانہ کھیلوں کا میلہ سج گیا

ہاکی، کرکٹ، فٹبال سمیت 48 مختلف کھیلوں میں کھلاڑی حصہ لیں گے
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر اسلم غوری سمیت اہم شخصیات کی شرکت

لاہور (22 جنوری 2018) منہاج یونیورسٹی لاہور میں 6 روزہ سالانہ کھیلوں کا میلہ سج گیا۔ 6 روزہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، والی بال، بیس بال، کراٹے، لان ٹینس، ٹیبل ٹینس، ڈسک تھرو سمیت 48 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ 22 جنوری سے شروع ہونیوالا یہ سپورٹس فیسٹول 27 جنوری تک جاری رہے گا۔ کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین بورڈ آف گورننس ڈاکٹر حسین محی الدین اور وائس چانسلرڈاکٹر محمد اسلم غوری تھے۔ ڈائریکٹر سپورٹس اقبال مرتضیٰ اور کرنل (ر) محمد احمد، رانا تنویر حسین سمیت اہم شخصیات اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک تھی۔

48 سے زائد کھیلوں میں لڑکے اور لڑکیوں کی مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ سپورٹس فیسٹول کا آغاز قومی ترانے کی دھن سے ہوا، اس موقع پر فضا میں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے، کھلاڑیوں کے مختلف دستوں نے قومی پرچم اٹھا کرمارچ کرتے ہوئے تقریب میں شریک مہمانوں کو سلامی دی، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری نے افتتاحی تقریب میں شریک کھلاڑیوں کے دستوں سے حلف لیا۔

کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ طلباء قلم اور کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کرتے ہوئے اپنی ذہنی اور جسمانی ورزش کے لیے صحت مندانہ کھیلوں میں ضرور حصہ لیں۔ دنیامیں اسی قوم نے ترقی کی ہے جس نے تعلیم و تربیت کواپنا زیور بنا لیا، کھیلوں نے فروغ سے نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے، معاشرے میں اچھی اقدار کو فروغ دینے کے لیے کھیل ناگزیر ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مختلف ایونٹس کا انعقاد کر کے مستقبل کے معماروں کو پھلنے پھولنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، شعوری وسعت اور پختگی کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل بھی ضروری ہے۔ نوجوانوں کو روزگار اور بہتر مستقبل کی گارنٹی ہو تو ملک ایک بار پھر کھیلوں میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم غوری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہر میدان میں باصلاحیت لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، منہاج یونیورسٹی میں کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لینے والے نوجوان بیٹے اور بیٹیوں کو دیکھ کر یقین پختہ ہو گیا ہے کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ تقریب سے ڈائریکٹر سپورٹس اقبال مرتضیٰ نے بھی خطاب کیا اور کہا کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے معاشرتی برائیاں جنم لے رہی ہیں، اس بھیانک صورتحال پر قابو پانے کے لیے منہاج یونیورسٹی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرکے اپنا عملی کردار ادا کرتی رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top