تحریک منہاج القرآن لاہور اور عوامی تحریک لاہور کا ماہانہ تنظیمی اجلاس، ضلعی رہنماؤں کی شرکت

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس، قیمتوں میں 10 روپے فی لٹر کمی کی جائے: مطالبہ
پنجاب میں بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعات کے ذمہ دار پنجاب کے حکمران ہیں: حافظ غلام فرید
ن لیگ کے سیاسی شعبدہ بازوں کو پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی قوت کا بخوبی اندازہ ہے: چودھری افضل گجر

لاہور (2 فروری 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور اور عوامی تحریک لاہور کا ماہانہ تنظیمی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کی۔ اجلاس میں عوامی تحریک لاہور اور منہاج القرآن لاہور کے ضلعی و پی پی سطح کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، آمدنی کی بجائے گرانی میں ہوشرباء اضافہ غریب عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہا ہے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پورا ملک متاثر ہو گا، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا، اشیائے خوردونوش مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ غریب عوام جو پہلے ہی بے حال ہیں انکی تو کمر ہی ٹوٹ جائے گی۔ حافظ غلام فرید نے مطالبہ کیا کہ اضافہ واپس لیا جائے اور فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لٹر کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بچوں سے زیادتی، اغوا، قتل کی وارداتوں میں اضافے پر ہر پاکستانی خوف میں مبتلا ہے۔ ماں باپ بے چین ہیں۔ حکمران مجرموں کو گرفتار کرنے، واقعات کو روکنے اور اصل مجرموں کو سزا دینے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ متاثرہ بچوں کے والدین نام نہاد وزیر اعلیٰ کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ حافظ غلام فرید نے مطالبہ کیا کہ بچوں سے زیادتی، قتل اور اغوا کے واقعات پر قومی سطح پر بحث کی جائے اور اس بحث کے بعد ذمہ داران کیلئے سخت سزا ئیں تجویز کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعات کے ذمہ دار پنجاب کے حکمران ہیں۔ حکمرانوں کی بے حسی اور غیر سنجیدگی قابل مذمت ہی نہیں قابل گرفت بھی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افضل گجر نے کہاکہ سیاسی اتار چڑھاؤ پر مکمل نظر ہے۔ ن لیگ کے سیاسی شعبدہ بازوں کو پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی قوت کا بخوبی اندازہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں عوامی تحریک کی عوامی رابطہ اور ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں جون 2018 تک 10 لاکھ نئے کارکنان کی رجسٹریشن مکمل کر لی جائے گی۔ قاتل حکمرانوں اور ظالم نظام کے خلاف جدوجہد میں تیزی لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ احمقوں کی جنت میں رہنے والے جان لیں کہ 17جنوری مال روڈ سے احتجاج کا آغاز کیا تھا، اختتام نہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ عوامی تحریک انصاف، مہنگائی اور حکمرانوں کی لوٹ مار سے ستائے عوام کیلئے ہمیشہ عملی کردار ادا کرتی رہے گی۔ اجلاس سے منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل، شفاقت مغل، حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ خان، ساجد اصغر، رمضان ایوبی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top