ڈاکٹر طاہرالقادری نے علم اور قلم سے ایک جہان آباد کیا: سالگرہ پر سیاسی، مذہبی رہنماؤں کے پیغامات

ڈاکٹر طاہرالقادری کا علمی کام قابل قدر ہے: عمران خان، دہشتگردی کے خلاف بیانیہ عظیم خدمت ہے: آصف زردای
نوجوانوں کو تعلیم اور شعور دے رہے ہیں: چوہدری شجاعت حسین، والدہ منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں: بلاول بھٹو زرداری
اتحاد امت کے داعی ہیں: سراج الحق، اللہ نے انہیں علم کے خزانے دیئے: شیخ رشید، چھوٹی زندگی میں بڑا کام کیا: فاروق ستار
نیلسن منڈیلہ کے پوتے چیف مانڈلا منڈیلہ، مصطفیٰ کمال، سردار عتیق احمد، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ودیگر کے مبارکبادی پیغامات
قومی کرکٹ ہیرو عبد القادر، عمر شریف، شجاعت ہاشمی، عجب گل، ابرار الحق، افضل خان ریمبو نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد دی

لاہور (18 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ 19 فروری کو منائی جارہی ہے، پاکستان سمیت 100 ممالک میں قائم تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز میں ان کی علمی تحقیقی خدمات پر سیمینارز اور خصوصی تقاریب منعقد ہورہی ہیں۔ مرکزی تقریب 19 فروری کی رات ادارہ منہاج القرآن لاہور میں منعقد ہورہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر سیاسی، مذہبی جماعتوں کے سربراہان، سپورٹس، شوبز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے انہیں 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔

نیلسن منڈیلہ کے پوتے چیف مانڈلا منڈیلہ نے اپنے خصوصی تحریری پیغام میں کہا کہ میں گواہ ہوں تعلیم، امن اور معتدل رویوں کے فروغ کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انسانیت کے لیے بے مثال خدمت انجام دے رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اعلیٰ تعلیم یافتہ اورجہاندیدہ دردمند شخصیت ہیں، میں ان کے علمی، فلاحی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور ان کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعا گو ہوں۔

پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سیلف میڈ آدمی ہیں، انہوں نے اسلام کا انتہا پسندی سے پاک پیغام پوری دنیا میں کامیابی کے ساتھ پھیلایا، انہوں نے دہشتگردانہ فکر کے خلاف متبادل بیانیہ دیا اس پر ملت اسلامیہ اور پاکستان کے ہر شہری کو فخر ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ میری والدہ شہید بے نظیر بھٹو کا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقاتوں کا ایک طویل سلسلہ رہا، میری والدہ تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں، بلاشبہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے فتنے کو ملک اور ملک سے باہر فہم و فراست اور تدبر کے ساتھ ایکسپوز کیا۔

پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سیاست کو خدمت اور عبادت کا ذریعہ بنایا، نوجوانوں کو تعلیم اور شعور دے رہے ہیں، ہم ان کا دل وجان سے احترام کرتے ہیں ان کی لمبی عمر اور صحت وسلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اتحاد امت، امن اور بین المذاہب وبین المسالک رواداری اور فلاح انسانیت کے لیے کوشاں ہیں انہیں 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو علم وحکمت کے خزانے دیئے، نوجوان طبقہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اسلامی فکر کو خوش دلی سے قبول کر رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اصلاحی، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے ہے، دنیا کے 100 ممالک میں اسلامک سنٹرز کا قیام ایک عظیم کارنامہ ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا چھوٹی سی زندگی میں کیا گیا علمی کام ملت اسلامیہ اور آئندہ نسلوں کے لیے زاد راہ ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی تحقیقی جدوجہد انسانیت کے لیے ہے اور انہیں پوری دنیا سے پذیرائی ملی۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا فخر ہے ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے عہد میں زندہ ہیں، جمعیت علمائے اسلام (س) کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر مولانامحمد اجمل قادری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ہمارا مشن قرآن پاک کی خدمت اور اس کے دروس کو عام کرنا ہے۔

مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے سربراہ سردار عتیق احمد نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی مذہبی شخصیت سے تو متاثر تھا ان کی سیاسی بصیرت کا بھی قائل ہوں، انہوں نے اپنے علم اور قلم سے اپنا جہان آباد کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری، ڈاکٹر جیمز چنن، قمر الزمان کائرہ، میاں منظور احمد وٹو، ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، ناصر شیرازی، غلام محی الدین دیوان، ڈاکٹر اجمل نیازی، ابرار الحق، مبشر لقمان، فیصل عزیز خان، سہیل وڑائچ، زمرد خان، قومی کرکٹ ہیرو عبد القادر، عامر سہیل، سلمان بٹ، عمر شریف، افضل خان (ریمبو)عجب گل، شجاعت ہاشمی نے ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری کی 67 سالگرہ پر ان کی درازی عمر اور نیک تمناؤں کا اظہار کیااور ان کے آئندہ نسلوں کے لیے دینی، علمی تجدیدی کام کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top