منہاج القرآن لاہور کا ورکرز کنونشن، ممبر سازی مہم شروع کرنے کا اعلان
ممبرسازی مہم کیلئے یونین کونسل سطح سے لے کر پی پی سطح تک کیمپ
لگائے جائینگے
لاہور سمیت پورے ملک میں 10 لاکھ سے زائد نئے ممبرز
بنائے جائیں گے
معاشرے کو امن اور رواداری کی ضرورت ہے، کارکنان ممبر سازی مہم میں بھرپور حصہ لیں:
رفیق نجم
4 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا انصاف سے محروم ہیں: امیر لاہور حافظ
غلام فرید
شریف برادران قانون، آئین اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں: چوہدری افضل گجر
لاہور (24 فروری 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کا ورکرز کنونشن مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، ورکرز کنونشن کی صدارت نائب ناظم اعلیٰ انجنیئر محمد رفیق نجم نے کی، جبکہ امیر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، صدر عوامی تحریک لاہورچوہدری محمد افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، یونس نوشاہی سمیت منہاج القرآن لاہور کے ضلعی، تحصیلی اور پی پی عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ورکرز کنونشن میں لاہور سمیت ملک بھر میں تحریک منہاج القرآن کی ممبر شپ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ممبر شپ مہم ایک ماہ جاری رہے گی، ممبرسازی مہم میں یونین کونسل سطح سے لے کر پی پی سطح تک کیمپ لگائے جائینگے۔ کیمپس میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی و تحصیلی رہنماء اور کارکنان موجود ہونگے۔ ورکرز کنونشن میں ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا اعلان بھی کیا گیا۔ ممبر سازی مہم کیلئے کمپیوٹرائزڈ فارم تمام عہدیداران کو پہنچا دئیے گئے ہیں۔ کنونشن میں اعلان کیا گیا کہ ممبر ساز ی مہم میں لاہور سمیت پورے ملک سے تحریک منہاج القرآن کے 10 لاکھ سے زائد نئے ممبرز بنائے جائیں گے۔
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن رفیق نجم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے عہدیداران ممبر سازی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ورکرز سے رابطے میں رہیں، انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم کو امن اور رواداری کی ضرورت ہے۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک پوری دنیا میں امن، محبت، رواداری اور یکجہتی کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہوں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو دنیا سفیر امن اور سفیر محبت کے نام سے جانتی ہے۔ قیام امن کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کے ویثرن کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ منہاج القرآن علم، امن، محبت اور عشق مصطفیٰ کے فروغ کی تحریک ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انتہا پسندانہ نظریات اور دہشتگردی کے سد باب کیلئے 6 سو صفحات پر مشتمل تاریخی ڈاکومنٹ دیا ہے، فروغ امن اور انسداد دہشتگردی کے حوالے سے 36 کتب پر مشتمل نصاب مرتب کیا ہے تاکہ سوسائٹی کے تمام طبقات طلبہ، طالبات اور نوجوانوں کو انتہا پسندانہ سوچ سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جنگ ظلم و بربریت کے نظام کے خاتمے اور غریبوں کے حقوق کیلئے ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کرنے اور 14 شہادتوں کے ذمہ دار حکمران ہیں۔ 4 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا انصاف سے محروم ہیں۔
جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے کے بعد اس امر میں کوئی شبہ نہیں رہا کہ سانحہ کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور انکے حواری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قصاص لے کر رہیں گے، زندگی کے آخری سانس تک انصاف کیلئے لڑیں گے۔ انصاف کیلئے قانونی جنگ لڑتے رہینگے۔ ممبر سازی مہم کیلئے لاہور کی ہر یونین کونسل میں جائینگے۔
عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا کہ شریف برادران قانون، آئین اور جمہوریت پر حملہ آور ہو رہے ہیں اور عوام کی عدالت کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ عوام دشمن حکمرانوں نے ریاست پاکستان کے گرد سازشوں کا ایک باریک جال بن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ادارے مضبوط اور شخصیات کمزور ہوتی ہیں مگر موجودہ فرسودہ نظام کی جادوگری ہے کہ آئین، ادارے اور ملک کمزور جبکہ چند شخصیات طاقت ور ہو چکی ہیں۔ ملک بچانے کیلئے پوری قوم کو کردار ادا کرناہوگا۔ ورکرز کنونشن سے ناظم لاہوراشتیاق حنیف مغل، صدر یوتھ لیگ لاہور حاجی فرخ، صدر ایم ایس ایم لاہور یونس نوشاہی نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ