ڈنمارک: منہاج سکول آف اسلامک سائنسز کی سالانہ تقریب انعامات

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نارتھ ویسٹ مرکز پر 16 دسمبر 2017ء کو منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب میں تمام طلباء، اساتذہ، معلمات کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں بچوں کے والدین اور پاکستانی کمیونٹی سے معزز مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری فرہاد کی تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ سکول کے طلباء و طالبات نے گروپ کی صورت میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ تقریب کے دیگر انتظام وانصرام کے ساتھ ساتھ سٹیج کو کنڈکٹ کرنے کے فرائض سکول کے پرنسپل علامہ حافظ محمد ادریس الازھری نے سر انجام دئیے۔ نارتھ ویسٹ سنٹر کے سپروائزر اور ڈنمارک کی ملکی تنظیم کے نائب صدر حافظ سجاد احمد نے تمام شرکاء اور مہمانان گرامی کی خدمت میں استقبالیہ کلمات پیش کیے۔

اسناد و انعامات کی تقسیم سے قبل طلباءو طالبات نے شرکاء کے سامنے اپنی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مختلف کلاسز کے طلباء و طالبات نے انفرادی و اجتماعی طور پر قراءت ونعت کے مقابلہ جات میں حصہ لیا، طلباء نے اردو اور ڈینش زبان میں تقاریر بھی پیش کیں۔ طلباء کو اردو لینگوئج، اسلامک سٹڈیز، حفظ و ناظرہ، پری درس نظامی، درس نظامی اور بنیادی اسلامی تعلیمات کے شارٹ کورسز پر اسناد دی گئیں۔ تحریک کے قائدین اور معزز مہمانوں نےطلباء و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔ والدین نے طلباء وطالبات کی کارکردگی کو سراہتے ھوئے سنٹر کی انتظامیہ اور اساتذہ کو مباکبادیں دیں۔

تقریب سے ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے بچوں کی تعلیم و تربیت کی ضرورت واہمیت پر اور علم کی ترویج واشاعت کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ لاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علم اور تعلیم کے میدان میں بے مثال خدمات ہیں۔ انہوں نے کامیاب تعلیمی نظام چلانے اور نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت میں اپنا کردار ادا کرنے پر تحریک کے قائدین، سنٹر انتظامیہ، تمام معلمین و معلمات اور پرنسپل کو خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔

تقریب کے آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر ڈاکٹر عرفان ظہور احمد نے مہمانان گرامی کی خدمات میں کلمات تشکر پیش کئے اور سنٹر انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کی اور ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی کی انتھک خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اختتام پر تمام شرکاء کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

رپورٹ : سجاد احمد ساھی
سیکرٹری انفارمیشن منہاج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top