سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ راہ حق کی تلاش کرنیوالوں کیلئے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں: رانا محمد ادریس

مورخہ: 09 مارچ 2018ء

خلیفہ اول عشق نبی ﷺ، اطاعت رسولﷺ اور نبی ﷺ کی تربیت کا عملی نمونہ ہیں: جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (9 مارچ 2018) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ عادلانہ نظام اور دیانتدار معاشرے کے قیام کیلئے خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو عام کر کے ان پر عمل کرنا ہو گا، حضور ﷺ کے بہترین رفیق سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ جن کو حضور اکرم ﷺ کی رفاقت کا تمام صحابہ اکرام رضی اللہ عنہم سے زیادہ شرف حاصل ہوا، شمس نبوت ﷺ نے ضیاء پاشی فرمائی تو پہلی کرن سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر پڑی، اور ایسی پڑی کے کندن بنا دیا، اپنایا تو ایسا اپنایا کہ آج تک جدا نہ ہو سکے، سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہر دور میں اہل حق اور راہ حق و ہدایت تلاش کرنے والوں کے لیے اصحاب رسول ﷺ میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنا سارا مال بارگاہ خداوندی میں قربان کر دیا، آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات سے سبق ملتا ہے کہ قوم کی بقاء سلامتی اور ترقی کیلئے اپنے مال و دولت کو قربان کر کے عوام کی فلاح و بہبود کا سوچنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اسلام کے احیاء کیلئے مشکلات کو برداشت کیا، ظالمانہ، جابرانہ نظام کے خلاف ہمیشہ حق کا علم بلند کیا، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں مسلسل چار نسلوں تک شرف صحابیت نصیب ہوا، عشق نبی ﷺ کی بات ہو یا اطاعت رسول ﷺ کی، بندگی کی عظمتیں ہوں یا نبی ﷺ کی تربیت کا عملی نمونہ اگر نشان منزل کے طور پر چناؤ کرنا ہو تو سرفہرست نام سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا آئیگا، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہر دور میں اہل حق اور راہ حق و ہدایت تلاش کرنے والوں کیلئے اصحاب رسول ﷺ میں سے کامل نمونہ کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ بصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری و فداکاری، ایثار و محبت کا مرقع اور مجسم اسلام کے مردمومن کی سچی تصویر تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top