سید الانبیا ﷺنے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو باب شہر علم قرار دیا: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 30 مارچ 2018ء

علم و حکمت کے باب میں حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ بہت اونچا اور بلند ترین ہے
آج اگر جذبہ حیدری بیدار ہو جائے تو مسلمان ہر بحران سے نجات پا سکتے ہیں، خطاب

لاہور (30 مارچ 2018) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ باب شہر علم ہیں، آپ رضی اللہ عنہ علم و حکمت کا بحر بے کنار ہیں، علم ظاہری ہو یا باطنی آپ رضی اللہ عنہ دونوں میں منفرد و ممتاز مقام رکھتے ہیں، سید الانبیا ﷺنے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو باب شہر علم قرار دیا، قیامت تک آنے والے اہل علم و حکمت حضرت علی رضی اللہ عنہ سے فیض لیتے رہیں گے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج اگرامت مسلمہ میں جذبہ حیدری بیدار ہو جائے تو مسلمان ہر بحران سے نجات پا سکتے ہیں، سائنس اور ٹیکنالوجی کی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں، اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دو ایسے عظیم طبقات ہیں جن کی عزت، حرمت، تعظیم و تکریم کرنا بغیر کسی شک و شبہ ہر مومن کے ایمان کا حصہ ہے۔ فہم و فراست علم و حکمت کے باب میں حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ بہت اونچا اور بلند ترین ہے، حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضور نبی اکرم ﷺ سے ہزاروں احادیث مقدسہ روایت کی ہیں، حضرت علی رضی اللہ عنہ کرم اللہ وجہہ کے علمی نکات فتاوی اور بہترین فیصلوں کا انمول مجموعہ اسلامی علوم کے خزانوں کا قیمتی سرمایہ ہے۔ امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کی جملہ خصوصیات میں ایک عظیم خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نبی اکرم ﷺ کے سگے چچا زاد بھائی ہونے کے علاوہ ’’عقد مواخات‘‘ میں بھی آپ کے بھائی ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو مولائے کائنات کے لقب سے نوازا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top