عالم اسلام کی تقسیم کا فائدہ دشمنان اسلام اٹھارہے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین

میر پور، مظفر آباد، مری، جہلم سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور مختلف وفود سے ملاقات ، گفتگو
اللہ کی عبادت ، اتباع رسول ﷺ اورانسانیت سے محبت میں کامیابی ہے، چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (2 اپریل 2018) منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی داخلی تقسیم اور اختلافات کا فائدہ دشمنان اسلام اٹھارہے ہیں، اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے مواخات مدینہ سے سبق حاصل کرنا ہو گا، داخلی انتشار کی وجہ سے فلسطین، شام، یمن، عراق، افغانستان، کشمیر حالت جنگ میں ہیں، دین اور دنیا کی کامیابی اللہ کی صدق دل سے عبادت، اتباع رسولﷺ، انسانیت سے محبت، اعلیٰ اخلاق کے مظاہرے اور علم کے حصول میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وہ جہلم، میرپور، مظفر آباد، مری کے تنظیمی رہنماؤں، کارکنان و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے خصوصی ملاقات کے دوران کررہے تھے۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، نائب ناظم اعلیٰ دعوت رانا محمد ادریس، سید ابرار سرور شاہ، ظفر اقبال طاہر، علامہ جمیل احمد زاہد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ داخلی انتشار کے بعد انتہا پسندی اور تنگ نظری نے بطور امت مسلمانوں کو کمزور کیا، انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال عالم اسلام یکجہتی اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی طرف توجہ دے، آج وہی قومیں دنیا کو ڈکٹیشن دے رہی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی کی حامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ کا وحی کی شکل میں جو پہلا حکم زمین پر اترا وہ ’’اقراء‘‘ کا تھا یعنی علم حاصل کرو، جب تک امت محمدیﷺ علم اور تحقیق سے وابستہ رہی دنیا کی امامت کرتی رہی اور جب سے علم کے راستے سے ہٹی ہے اغیار کی دست نگر بن کر رہ گئی ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ آقائے دو جہاں ﷺ نے انسانیت کو حقوق و فرائض کے چارٹر سے آگاہ کیا اور بتایا انسان کے کیا حقوق ہیں، رشتہ داروں کے کیا حقوق ہیں یہاں تک کہ جانوروں کے حقوق کے بارے میں بھی دنیا کو ایجوکیٹ کیا، ہم دین اور اسلاف کے راستوں سے ہٹے ہیں تو ہمیں یوں لگتا ہے جیسے جدید انسانی تہذیب نے یورپ سے جنم لیا، فکری اور تاریخی اعتبار سے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے، یورپ نے اعلیٰ اخلاقی معیار اور انسانی حقوق کا تصور قرون اولیٰ اور وسطیٰ کے مسلم سائنسدانوں، مفکرین ، علماء اور قرآن و سنت سے لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن تجدید دین اور احیائے امت کی تحریک ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں زندگی کے ہر شعبے کو ایڈریس کیا، تحریک منہاج القرآن نے دین میں موجود آسانیوں پر توجہ دی یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل تحریک منہاج القرآن کی قربت کو فلاح کا راستہ تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انتہا پسندی، تنگ نظری، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top