پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر سیمینار

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم کشمیر کے حوالے سے "یکجہتی کشمیر سیمینار" گذشتہ دنوں پریس کلب لاہور میں منعقد ہوا۔ اس کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ صدر پاکستان عوامی تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری قانوں فاروق امجد میر، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اے آر ڈی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منیر احمد خان، جماعت اہل حدیث کے مرکزی امیر علامہ زبیر احمد ظہیر، شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ سید نو بہار شاہ، تحریک علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید علی غضنفر کراروی، کوآرڈینیٹر / ترجمان پاکستان عوامی تحریک جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، چوہدری محمد شریف، پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی رہنما راضیہ شاہین، چوہدری افضل گجر، لہراسب خان گوندل، محمد عاقل ملک، محمد جواد حامد، پروفیسر ذوالفقار علی اور سیاسی و مذہبی قائدین کے ساتھ صحافی و دانشور بھی موجود تھے۔

صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمٰن خان درانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ صدر مشرف کا فارمولہ یا منموہن سنگھ کی تجاویز کشمیریوں کے حقوق کی ترجمان نہیں ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔ اگر آج کشمیریوں کو عالمی برادری کے سامنے حق رائے دہی دے دیا جائے تو یہ خطہ جلد پاکستان میں باقاعدہ طور پر شامل ہو جائے گا۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و ستم ختم کروانے اور بھارت 15 لاکھ سے زاید فوج کو یہاں سے فوری واپس بلائے۔


ایم این اے فاروق امجد میر نے کہا کہ بھارت کو مذاکرات کی میز تک لانا ہماری کامیابی ہے۔ اب حکومت نیک نیتی سے اس کے حل کی طرف بڑھ رہی ہے جلد ہی اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاک بھارت دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بھی ختم ہو جائے۔ اس حوالے سے ہم پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا منصفانہ کردار ادا کریں۔



اے آرڈی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منیر احمد خان نے کہا کہ کشمیر کا حل فوجی حکومت کے بس کی بات نہیں۔ یہ کام صرف جمہوری حکومت ہی کر سکتی ہے۔ صدر مشرف کو چاہئے کہ وہ جلد اقتدار چھوڑ دیں تاکہ جمہوری منتخب صدر کی زیرقیادت اس اہم مسئلہ کو حل کیا جائے۔

جماعت اہل حدیث کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ کشمیر جغرافیائی و تہذیبی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہے اس لئے بھارت کو اس سے دستبردار ہو جانا چاہئے۔ سیمینار سے سید علی غضنفر کراروی کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ سید نوبہار شاہ، جی ایم ملک، پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی راہنما راضیہ شاہین، لہراسب گوندل، افضل گجر، چوہدری محمد شریف اور محمد ظہیر سمرا نے بھی خطاب کیا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top