کویت: معراج مصطفیٰ ﷺ کانفرنس

Miraj un Nabi Conference - MQI Kuwait

کویت کے مشہور و معروف راجدھانی پیلس، خیطان، میں جمعرات کی رات 12 اپریل 2018 منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیرِاہتمام ایک عظیم الشان سالانہ ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کویت بھر کی پاکستانی و انڈین کمیونٹی اور تمام تر مسالک اور مذہبی، سیاسی وسماجی تنظیمات کے وفود نے شرکت کی۔ خواتین ومرد حضرات کی بھر پور شرکت سے وسیع وعریض ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے قاری فضلِ رسول نے پرسوز آواز میں کیا گیا۔ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت حاجی محمد طارق، رانا عبدالمجید، ریاض احمد سلطانی، محمد فیصل نقشبندی، صوفی تنویر احمد، محمد طارق شہزاد اور طلعت محمود چوراہی کے ننھے صاحبزادگان چوراہی برادران نے حاصل کی۔ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب بعنوان معراج شریف پروجیکٹر پہ چلایا گیا جسے شرکاء محفل نے یوں سماعت کیا کہ گویا سبھی علم کے سمندر میں غوطہ زن ہوں۔

Miraj un Nabi Conference - MQI Kuwait

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت حاجی عبدالرشید اور سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت چوہدری محمد ارشد تبسم نے تمام مہمانوں اور کویت بھر کی منہاج القرآن کی تنظیمات اور انتظامیہ کمیٹیوں کا شکریہ ادا کیا، شب معراج اور شاندار کانفرنس کی کامیابی پہ مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے عظیم قائد کے بے مثل افکار پہ روشنی ڈالی اور کہا کہ امت مسلمہ بالعموم اور ملت پاکستان بالخصوص کی نجات باعمل، سیرت و کردار، باہمی محبت و یگانگت اور حسینی کردار کو زندہ کرنے میں ہی ہے۔ منہاج القرآن وہ واحد جماعت ہے جس نے اصولوں پہ کبھی سودا بازی نہ کرتے ہوئے عوام میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیاسی وسماجی شعور بانٹنے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے۔ منہاج القرآن کردار، محبت، علم اور امن کے ذریعے۔ مصطفوی نظام کے لئے کوشاں ہے۔

نقابت کے فرائض حاجی عبدالروف بھٹی اور شاہد حمید سندھو نے ادا کئے۔ ثاقب علی، عابد حسین کلیار، محمد رفیق جدون اور ہارون الرشید نے نہایت عمدہ فوٹوگرافی اور براہ راست نشر کرنے میں شاندار کردار ادا کیا۔ کانفرس کے ہال کو نہایت خوبصورت قمقموں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ کانفرنس کو کامیاب کرنے میں انتظامیہ کمیٹیوں، مصطفوی سسٹرز اور منہاج القرآن کویت کی ذیلی تنظیمات کی شب و روز کاوشیں یوں رنگ لائیں کہ مرد خواتین کا ایک سمندر امڈ آیا ہو۔ کویت بھر کے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا نے خصوصی طور پر اس تقریب پروقار کو کوریج دی۔

درودو سلام کے بعد محمد شفیق نقشبندی نے خصوصی دعا کروائی۔ اختتام پہ تمام مردو خواتین کے لئے شاندار عشائیہ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: چوہدری محمد ارشد تبسم (ناظم نشرو اشاعت، منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top