ڈبلن: تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام ’’شب برات‘‘ کی روحانی محفل
ڈبلن۔ ۔ ۔ فرخ وسیم بٹ۔ ۔ ۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مدثر ثاقب کی رہائش گاہ پر شب برات کی روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین اور ایگزیکٹو ممبران اور پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ آئرلینڈ کی اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس روحانی محفل کا آغاز سید ذیشان شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کے پھول حافظ سعید۔ حافظ تنویر حسین اور سید ذیشان شاہ نے پیش کیے جبکہ منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹو ممبر اور مرکزی نعت خوان ڈاکٹر گلزار احمد نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اپنی خوبصورت اور دلسوز آواز میں سلسلہ نعت شروع کی تو حاضرین محفل پر ایک عجیب کیف و سرور کی کفیت طاری ہوگئی اورپوری محفل اللہ اکبر اور یا رسول اللہ کی صداؤں سے گونج اٹھی۔ محفل میں نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔
منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے شب برات کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات بڑی فضیلت اور برکت والی رات ہے یہ رات گناہوں سے چھٹکارے اور نجات طلب کرنے کی رات ہے اس رات کو اللہ رب العزت آسمان دنیا پر اپنی شان کے مطابق جلوہ افروز ہوتا ہے اور مغرب سے لیکر طلوع آفتاب تک اس کی شان کریمی اپنے بندوں کو پکارتی ہے کہ ہے کوئی مجھ سے توبہ و بخشش طلب کرنے والا میں اسے معاف کر دوں ہیں کوئی مجھ سے رزق کا طالب میں اسے رزق عطا کرو۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے کہ اللہ تعالی نصف شعبان کو آسمان دنیا پر اپنی رحمت کا نزول فرماتا ہے اور قبیلہ بنو کلب کی بکریوں کے بال کی تعداد سے بھی زیادہ اپنے بندوں کے گناہ معاف فرماتا ہے۔
محفل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ’’شب برات‘‘ کے موضوع پر ویڈیو خطاب پروجیکٹر کے ذریعے سنایا گیا۔
حافظ تنویر حسین کی امامت میں صلوۃ التسبیح ادا کی گئی، ڈاکٹر مدثر ثاقب نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکا محفل کا شکریہ ادا کیا اور محفل کے اختتام پر تمام شرکا نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہو کر نہایت عزت و احترام کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا۔
محفل میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں سولسٹر چوہدری عمران خورشید، سعید رحمن، ارسلان خان، مدثر بھٹی، میاں شہزاد، نجیب ماجد، محمد علی، سجاد شاہ، اورنگزیب اور فیصل ریاض خان اور،دیگر احباب شامل تھے۔ آخر میں امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی شرکا کی تواضح بہترین کھانوں سے کی گئی۔
تبصرہ