منہاج القرآن نے رمضان میں ملک بھر میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا

مورخہ: 17 مئی 2018ء

سکالرز اسلام، احسان، حصول تقویٰ، عقیدہ ختم نبوت، ایثار، قربت الہیٰ کے موضوعات پر درس دینگے
مفلوک الحال لوگوں کی مدد، احترام آدمیت کے گُر سیکھنے اور سکھانے کا نام روزہ ہے
رمضان المبارک ہمیں اپنی ذات کے احتساب کا موقع فراہم کرتا ہے
علامہ رانا ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ عبد الحئی علوی، علامہ لطیف مدنی کا دروس عرفان القرآن سے خطاب

لاہور (17 مئی 2018) تحریک منہاج القرآن نے رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں لاہور سمیت پورے ملک میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا۔ چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت، بلتستان میں سینکڑوں مقامت پر منہاج القرآن علماء کونسل اور تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز اسلام، احسان، حصول تقویٰ، عقیدہ ختم نبوت، اسوہ خیر النساء، ایثار، قربت الہیٰ و دیگر اہم موضوعات پر درس دینگے۔ منہاج القرآن کے سکالرز معاشرتی مادیت پرستی کے فتنے کو قرآنی تعلیمات کے ذریعے ختم کر کے آئندہ نسلوں میں قرآن مجید کی محبت پیدا کر کے قرآن اور صاحب قرآن سے ٹوٹا تعلق بحال کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ فہم قرآن کی عظیم دولت کے حصول کیلئے قرآن مجید کے ساتھ تعلیم و تعلم کا تعلق قائم کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ لاہور، گوجرانوالا، گجرات، لالہ موسیٰ، پنڈی، اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ملتان، بھکر، ڈیرہ غازی خان، حیدر آباد، کراچی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے اہم شہروں سمیت ملک کے دیگر شہروں میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام سینکڑوں مقامات پر نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جو رمضان المبارک کے پورے مہینے تک جاری رہے گا۔ ان دروس عرفان القرآن میں اہم سیاسی، مذہبی و علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ ہزاروں مرد و خواتین شرکت کریں گی۔

دریں اثناء لاہور میں ماڈل ٹاؤن، مغلپورہ، سمن آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، سبزہ زار و دیگر مقامات پر منہاج القرآن کے سکالرز نے دروس عرفان القرآن دئیے۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے لاہور کینٹ میں درس عرفان القرآن دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک امت رسول ﷺ پر اللہ کا خاص انعام ہے، یہ وہ مبارک مہینہ ہے جس میں مسلمان دن میں صیام اور رات میں قیام کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مقدس میں وہ عبادت عطا فرمائی جس کا اجر اللہ کریم خود عطا فرمائیں گے، رمضان کے تینوں عشروں کو بالترتیب رحمت، مغفرت اور جہنم سے آزادی کا زمانہ قرار دیا گیا ہے۔ رمضان المبارک وہ مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید نازل فرمایا۔

باغبانپورہ پورہ میں درس قرآن دیتے ہوئے علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد اور اسکے روزے انسانی زندگی میں ایک انقلابی عمل بپا کر کے اسے تقویٰ کی اعلیٰ منازل پر فائز کرنے کا وسیلہ اور ذریعہ ہیں۔

علامہ عبد الحئی علوی نے کہا کہ اسوہ رسول ﷺ یہ درس دیتا ہے کہ ہم رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں کو غنیمت جانتے ہوئے اپنی بخشش کا سامان کریں۔ غفلت سے باہر نکلیں، اللہ کی عبادت کریں، اخلاق و اقدار کو سنواریں۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ ر وزہ مفلوک الحال لوگوں کی مدد کا نام ہے۔ احترام آدمیت کے گُر سیکھنے اور سکھانے کا نام روزہ ہے۔ رمضان المبارک صبر و رضا اور رب بندگی کا نام ہے۔ دین و دنیا سنوارنے اور اخروی نقصان سے بچنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔ رمضان المبارک ہمیں اپنی ذات کے احتساب کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ مہینہ موقع دیتا ہے کہ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top