رمضان المبارک بخشش، سخاوت، بھائی چارے اور غم خواری کا مہینہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 20 مئی 2018ء

تحریک منہاج القرآن کی جانب سے پہلے جدید موبائل ہسپتال کے کا آغاز
جدید موبائل ہسپتال لیبارٹری، ایکسرے اور تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہے:ثناء اللہ خان
ہمارا مشن ہے کہ خواتین بچوں اور بزرگوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں

Minhaj ul Quran Lahore awards ceremony

لاہور (20 مئی 2018) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ انسان کو ممتاز کرنے میں جہاں دیگر خصائل و اوصاف کا اہم کردار ہے وہاں دردمندی، خدمت خلق، انسانی فلاح و بہبود کے کام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اللہ کریم قرآن حکیم میں ارشاد فرماتا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا ساری انسانیت کی جان بچانا ہے جبکہ ایک انسان کی جان لینا ساری انسانیت کی جان لینے کے برابر ہے۔ رمضان المبارک بخشش، سخاوت، بھائی چارے اور غم خواری کا مہینہ ہے، روزے کا مقصد تقویٰ ہے، اس ماہ مبارک میں اخلاق و تقویٰ کے ساتھ ساتھ اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنا چاہیے، رمضان المبارک خیر و برکت، رحمت و مغفرت، جہنم سے خلاصی کامہینہ ہے، رمضان المبارک میں غرباء، مساکین کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، رمضان المبارک صبر، اخوت، بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ بھلائی کے کام کرنے چاہئیں، حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھنا چاہیے، اللہ کریم نے رمضان المبارک کی صورت میں مسلمانوں کو ایسا ماہ مقدس عطا کیا ہے جس کے آنے پر زندگیوں میں انقلاب جنم لے لیتا ہے، اس ماہ مبارک میں ایک دوسرے کے دکھ، درد میں شریک ہو کر نیکیاں سمیٹے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انسانیت کی خدمت کرنے والی درد دل رکھنے والی کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر انسانیت کی خدمت اور تکریم انسانیت کیلئے عملی تعاون کرنے والے افراد میں یادگاری شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤندیشن، تعلیم اور صحت کے شعبہ میں ہم وطنوں کی مثالی خدمت کا بے لوث فریضہ انجام دے رہی ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کی جانب سے پہلے جدید موبائل ہسپتال کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا، صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور ثناء اللہ خان نے موبائل ہسپتال کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اصلاحات کے تحت منہاج القرآن لاہور نے پہلا موبائل ہسپتال قائم کر لیا ہے۔ اگلے چند دنوں میں جدید موبائل ہسپتال کا افتتاح کر دیا جائے گا، پہلے مرحلے میں ایک جدید موبائل ہسپتال سے آغاز کیا جارہا ہے، موبائل ہسپتال لیبارٹری، ایکسرے اور تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہے، دور دراز کے علاقوں میں ضرورت مند عوام کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائینگی، اپنی نوعیت کے اس پہلے موبائل ہسپتال میں ڈاکٹر، سرجن اور دیگر سٹاف روزانہ کی بنیادوں پر صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خدمات انجام دے گا۔ ہمارا مشن ہے کہ خواتین بچوں اور بزرگوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 2 مزید جدید موبائل ہسپتال بنائے جائینگے اور پھر خدمت کے اس سلسلے میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

اس موقع پر منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، حافظ صفدر علی، محمود عزیز، اقبال گجر، احمد ساگر، اصغر ناز، حفیظ اللہ جاوید، ارشاد طاہر، میاں حنیف و دیگر موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top