ملتان: سیدہ فاطمۃ الزھراء کا اسوہ مسلم امہ کی خواتین کیلئے کامل نمونہ ہے: علامہ اعجاز ملک

مورخہ: 28 مئی 2018ء

تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی افتتاحی نشست 28 مئی 2018ء کو منعقد ہوئی، جس میں علامہ اعجاز ملک نے ’’اسوہ خیرالنساء سلام اللہ علیھا ‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ درس عرفان القرآن کی نشست نماز فجر کے بعد شروع ہوئی، جس میں ملتان اور گردونواح سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

درس قرآن میں مخدوم شہباز ہاشمی، میجر محمد اقبال چغتائی، پروفیسر جاویداختر زواری، راؤ محمد عارف رضوی، خالد محمود، علامہ امیر اظہر سعیدی، علامہ عزیزالرحمن خان قادری، ڈاکٹر ارشد بلوچ، ڈاکٹر اشفاق ہاشمی، راؤ وقاراحمد، محمد احمد قریشی، صابر علی، قاری سیف الرحمن، شاہد محمود، محمد ابراہیم، ندیم اسلم، محمد غزالی، احسان رمضان ایڈووکیٹ اورہما اسماعیل کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

علامہ اعجاز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے جس طرح اپنے نبی مکرم ﷺ کے اسوہ کو پوری انسانیت کیلئے کامل و اکمل بنایا، اسی طرح خاتون جنت اورجگر گوشہ بتول سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کے اسوہ کو امت کی خواتین کیلئے کامل و اکمل بنایا۔ اسوہ خیرالنساء سیرت مصطفیٰﷺ کا مظہر اتم اور امت کی خواتین کیلئے کامل نمونہ ہے۔ آپ نے آغوش نبوت میں پرورش و تربیت کا حق ادا کیا اور اسلام کیلئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔ آپ کی آغوش تربیت نے امت کو امام حسن اور امام حسین جیسے گوہر نایاب عطا فرمائے، آپ کی ہی تربیت نے سیدہ زینب کو وقت کے یزید کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی جرات عطاکی۔

انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو اپنی خانگی، معاشی، سماجی، علمی اور روحانی زندگی میں کامیاب کیلئے سیدہ کائنات کے اسوہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی۔ اگر آج کی عورت کی آئیڈیل سیدہ کائنات کا اسوہ بن جائے تو معاشرہ جنت کا نمونہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی صورت میں سیدہ کائنات کی باندیوں کو منظم کیا ہے تاکہ وہ معاشرے میں اسوہ خیرانساء کو عام کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

رپورٹ: راؤ محمد عارف رضوی (میڈیا کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top