تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے زیراہتمام ماہانہ درس قرآن

رپورٹ : اسامہ احمد

تحریک منہاج القرآن راولپنڈی حلقہ پی پی 14 کے زیراہتمام سلسلہ وار ماہانہ درس قرآن گزشتہ دنوں ریڈیئنٹ سکول سروس روڈ اقبال ٹاؤن راولپنڈی میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل اسلام آباد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔ تقریب کے مہمانوں میں امیر تحریک ضلع راولپنڈی مرزا آصف، ضلعی ناظم دعوت حافظ عبدالجبار، پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے صدر رانا شہزاد، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر اور پی پی 14 کے صدر حافظ اشتیاق اعوان اور پی پی 14 کے دیگر عہدیداران شامل تھے۔ اس کے علاوہ کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی خواتین اور حضرات کی بڑی تعداد نے اس درس قرآن میں شرکت کی۔

محرم الحرام کی مناسب سے درس قرآن کا موضوع "امام حسین علیہ السلام امن عالم کی ضمانت ہیں" رکھا گیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ علی اختر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام حق وصداقت کیلئے سب کچھ لٹانے کی وجہ سے آج بھی زندہ ہیں۔ وہ چاہتے تو دنیا جہان کی تمام نعمتیں ان کے قدموں میں ہوتیں مگر نواسا رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے شہادت کی منزل کا انتخاب کیا۔ امام حسین علیہ السلام کی شہادت حق کی فتح اور باطل کی شکست ہے۔ اور وہ حق وصداقت کیلئے جان لٹانے کی وجہ سے آج بھی زندہ ہیں اور رہتی دنیا تک رہیں گے۔ آخر میں علامہ علی اختر اعوان نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top