شہر اعتکاف میں نماز عصر کے بعد روزانہ فقہی مسائل کی تفہیم کیلئے تربیتی نشست کا اہتمام کیا جاتا ہے

مورخہ: 06 جون 2018ء

معتکفین کی علمی و روحانی تربیت، اصلاح احوال پر خصوصی توجہ، اجتماعی وظائف و تسبیحات، نوافل، حلقہ ہائے درود کا انعقاد
دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں: مفتی عبد القیوم ہزاروی
مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے معتکفین کو شہر اعتکاف کے آداب کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں

لاہور (6 جون 2018) حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کا سب سے بڑا اعتکاف (شہر اعتکاف) لاہور ٹاؤن شپ میں آباد ہو چکا ہے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطاب نماز تراویح کے بعد شروع ہوتا ہے، خطابات کا یہ سلسلہ آخری روزے تک جاری رہے گا۔ شہر اعتکاف میں شریک معتکفین کی علمی و روحانی تربیت اور اصلاح احوال پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ معتکفین، تہجد، انفرادی و اجتماعی وظائف و تسبیحات، نوافل، حلقہ ہائے درود، ذکر و اذکار کے ذریعے اپنے باطن کو منور کرکے اعتکاف کی بر کات سمیٹ رہے ہیں۔

شہر اعتکاف میں بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کے ساتھ ساتھ معتکفین کی علمی و فکری تربیت کیلئے قرآن مجید، احادیث، عبادات، عقائد، اخلاق حسنہ اور فقہی مسائل پر مشتمل باقاعدہ تربیتی نصاب مرتب کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تربیتی اور فکری نشستیں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ و طلبہ تربیتی نصاب کے مطابق معتکفین کی علمی و فکری تربیت کر رہے ہیں۔

شہر اعتکاف میں نماز عصر کے بعد روزانہ فقہی مسائل کی تفہیم کیلئے تربیتی نشست کا اہتمام ہوتا ہے۔ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے شہر اعتکاف کے آداب کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کے سفر میں بہت سی کٹھن منازل بھی آتی ہیں ان آزمائشوں پر استقامت کرنیوالوں کیلئے دنیا و آخرت میں آسانیاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے جو افراد اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کرتے ہیں حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے۔

دریں اثناء شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ علمی و فکری نشستوں سے صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، منصور قاسم نے خطاب کیا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام تربیتی نشست سے چوہدری عرفان یوسف، رانا تجمل حسین اور یونس نوشاہی نے خطاب کیا۔ شدید گرمی اور سخت موسم کے باوجود شہر اعتکاف میں موجود معتکفین بھر پور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ اپنی انفرادی اور اجتماعی عبادات میں مشغول ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top