منہاج یونیورسٹی کے ہفتہ تقریبات کا مقابلہ حسن قرات و نعت سے آغاز

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز میں سالانہ ہفتہ تقریبات گذشتہ روز شروع ہو گیا۔ امسال یہ تقریبات پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56 ویں سالگرہ پر منعقد کی گئیں جس کا اہتمام کالج آف شریعہ کی طلبہ نمائندہ تنظیم بزم منہاج نے کیا ہے۔ ہفتہ تقریبات کے افتتاحی روز مقابلہ حسن قرات و نعت کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریت کے سبزہ زار میں منعقد ہوا جس کی صدارت شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام نے کی، جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی و صوبائی وزیر ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ سردار حسن اختر مؤکل مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانوں میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جی ایم ملک، پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر کرامت اللہ، علامہ سید محمد حنیف بخاری، محمد عباس نقشبندی، پروفیسر ایس ایم شفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ مقابلہ حسن قرات میں ملک بھر کے 30 سے زاید کالجز، یونیورسٹیز و تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔

مقابلہ حسن قرات کے پوزیشن ہولڈرز

کالج آف شریعہ کے سید خالد حمید کاظمی نے پہلی، گورنمنٹ اسلامیہ کالج چنیوٹ کے اظہر عباس نے دوسری اور ایم اے او کالج کے طارق علی اور قرآن سائنس اینڈ آرٹس کالج کے سہیل اشفاق نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ حسن قرات میں قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری فیض رسول اور قاری محمد ندیم نے جیوری کے فرائض سرانجام دیئے۔





مقابلہ حسن نعت کے پوزیشن ہولڈرز

مقابلہ حسن نعت میں بھی ملک بھر کے 40 سے زائد تعلیمی اداروں سے طلبہ نے شرکت کی۔ اس کے نتائج کے مطابق حافظ غلام محی الدین (ایف سی کالج لاہور) نے پہلی، ضیاء احمد شاہ ہاشمی (دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف نے دوسری جبکہ مریم جاوید گورنمنٹ ویٹرنری کالج پتوکی اور افضل طاہر منہاج کالج آف کامرس ٹاؤنشپ نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ حسن نعت میں ملک کے معروف نعت گو شاعر ضیاء نیر، محمد سرور صدیق اور حاجی غلام احمد نے جیوری کے فرائض سرانجام دیئے۔ آخر میں امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن خان درانی اور منہاج یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار جی ایم ملک نے اظہار خیال کیا۔ کالج آف شریعہ بزم منہاج کے صدر حافظ محمد آصف قادری نے معزز مہمانوں اور حاضرین کو اظہار تشکر پیش کیا۔ دونوں مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز کو انعامات اختتامی تقریب میں دیئے جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top