منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاون کی چوتھی برسی پر تقریب

مورخہ: 18 جون 2018ء

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاون کی چوتھی برسی پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، عوامی تحریک کے صدر رانا طاہرسلیم، میاں کاشف محمود، فرحت دلبراعوان نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن نے اس ظالم نظام کے خلاف جانوں کے نذرانے دیئے، یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور ظالم اپنے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے، ظالموں کی گرفت ہو چکی مکمل انصاف بھی ہو گا۔ شفاف الیکشن کے ساتھ مظلوموں کو انصاف فراہم کرنا بھی نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔

تقریب میں تسنیم افضال، فریدہ علی اکبر، حراء دلبر، غلام محمدقادری، میاں آصف عزیز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے4 سال ظالم اشرافیہ کے خلاف حصول انصاف کی جنگ لڑی، الحمدللہ اس جدوجہد میں طاقت ور ظالم ٹولا ہمارے کارکنوں کو نہ ڈرا سکا اور نہ پیچھے ہٹا سکا، آج سانحہ ماڈل ٹائون کا کیس سنا جا رہا ہے تو اس کا کریڈٹ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے جذبہ استقامت کو جاتا ہے اور ڈاکٹرطاہرالقادری نے اس کیس کو داخل دفتر نہیں ہونے دیا، قانونی حکمت کے ساتھ اسے زندہ رکھا اور ہر دن اس کیس کی حفاظت کی اور پہرہ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا گواہی دے رہی ہے کہ ہم نے اپنے کارکنوں کے بے گناہ خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا، ہر قسم کی الزام تراشی اور بہتان طرازی کا سامنا کیا لیکن ہمارے پایہ استقلال میں کوئی جنبش نہیں لا سکا، انشا اللہ اب انصاف بھی ہو گا اور قانون کو قاتل اور مقتول کے درمیان فرق کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالم نظام کے خلاف عوامی تحریک کی جدوجہد 3دہائیوں پر محیط ہے، ہم سمجھتے ہیں یہ نظام کرپشن کو جنم اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے والا ہے اسے بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا، چہرے بدلنے سے نظام بدلنے کی دھوکہ دہی بند ہو جانی چاہیے۔ پولیس، سرکاری ادارے اور موجودہ بیورو کریٹس اس نظام کا مکروہ چہرہ ہیں اس نظام نے انہیں ظلم کرنے والا بنا دیا یہ سب بدلنا ہو گا، انتخابی اصلاحات او ر اداروں کی تشکیل نو کئے بغیر عوام کو اس ظالم نظام سے نجات نہیں ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top