11 اگست مینارٹی ڈے کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا: سہیل احمد رضا

مورخہ: 10 اگست 2018ء

جیلانی پارک میں منعقدہ تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندے، رہنما شریک ہونگے
تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں نے قابل فخر کردار ادا کیا
تقریب کے اختتام پر تمام مذاہب کے رہنما شجرکاری کے حوالے سے پودے بھی لگائینگے

لاہور (10 اگست 2018ء) 11 اگست نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر آج مختلف مذاہب کے رہنما جشن آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کرینگے، ملک کی تمام مذہبی اقلیتوں کے اہم رہنما قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کے عنوان سے جیلانی پارک ریس کورس میں 11 اگست (ہفتہ) شام پانچ بجے تقریب میں شرکت کرینگے، اس اہم تقریب کا اہتمام منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز، سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار بشن سنگھ، چیئرمین باباگورونانک جی ویلفیئر سوسائٹی، ریورنڈ شاہد معراج، ڈین کیتھڈرل چرچ لاہور، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل موڈ، پریسبٹیرین چرچ ڈاکٹر منوہر چاند، چیئرمین شری کرشنا مندر لاہور پنڈت بھگت لال، بالمیک سوامی مندر لاہور نے مشترکہ طور پر کیا ہے، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہو گا، تمام مذاہب کے رہنما مل کر متحد ہو کر 71 ویں جشن آزادی کاکیک کاٹیں گے، ملی نغمے گائیں گے، وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے اپنے اپنے عقیدے کے مطابق دعائیں کرینگے، تقریب کے اختتام پر تمام مذاہب کے رہنما قومی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائیں گے، اس اہم تقریب کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ اقلیتیں قومی جسم کا حصہ ہیں، ان کے بغیر خوشحال معاشرے کا قیام ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کی تقریر کی روشنی میں اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتے ہیں، تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے حوالے سے اقلیتوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سہیل احمد رضا نے کہا کہ اقلیتوں کے تعاون کے بغیر ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی صف میں کھڑا نہیں کیا جا سکتا، 1973ء کے آئین کا آرٹیکل 4، 9، 14، 15، 16 اور 25 ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر اس کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top