نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر جیلانی پارک لاہور میں جشن آزادی تقریب کا انعقاد

مورخہ: 11 اگست 2018ء

پاکستان ایک جسم ہے اور مینارٹیز اس کا حصہ ہیں، تمام رہنماؤں نے مل کر قومی ترانہ گایا
تقریب سے سردار بشن سنگھ، ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت بھگت لال، ریورنڈ شاہد معراج، ، سہیل رضا کا خطاب
ڈی سی لاہور، خرم نواز گنڈا پور، ولید اقبال، عبد الغفور میو، تاجر رہنماؤں کی خصوصی شرکت

لاہور (11 اگست 2018) نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی تقریب جیلانی پارک لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی تمام مذہبی اقلیتوں کے نمائندوں، رہنماؤں نے شرکت کی اور قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے تقریب کو ’’ا س پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کا عنوان دیا گیا۔

اس اہم تقریب کا اہتمام، سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، باباگورونانک جی ویلفیئر سوسائٹی، کیتھڈرل چرچ لاہور، پریسبٹیرین چرچ، شری کرشنا مندر، بالمیکا سوامی مندر لاہور، منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

تقریب میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال، چوہدری عبد الغفور میو، عنصر ظہور، ہمایوں میر، علامہ عبد المصطفیٰ چشتی، علامہ زبیر عابد، علامہ زبیر احمد ظہیر، مخدوم عاصم، اے ڈی پی ایچ اے، ظہور عنصر بٹ، ہمایوں میر، سردار عطر سنگھ، سردار رنجیت سنگھ، سردار جسپال سنگھ، شیخ اظہر محمود شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، راجہ محمد زاہد، عبدالحفیظ چوہدری اور سکھ بچوں کی کثیر تعداد نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر تمام رہنماؤں نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔ رہنماؤں نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے۔ ملی نغمے بھی گائے گئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں، تمام مذاہب کے رہنماؤں نے اپنے اپنے مذہبی عقائد کے مطابق دعا مانگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار بشن سنگھ نے کہاکہ پنجاب ہمارے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سر زمین ہے، ہمارا اس مٹی سے روحانی عقیدت کا رشتہ ہے، ہمیں اس کے ذرے ذرے سے پیار ہے یہ ہماری شان اور آن ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہاکہ وطن عزیز میں بسنے والے غیر مسلم اقلیتوں کے جان و مال اور مذہبی عبادت گاہوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، پنڈت بھگت لال نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان نے ہمیں عزت دی پاکستان ہماری پہچان ہے۔

ریورنڈ شاہد معراج نے کہا کہ پاکستان بلاتفریق سب کا وطن ہے، قائد اعظم کی قیادت میں مسیحی بزرگوں نے آزادی کیلئے جدوجہد کی، ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کی تقریب اپنی نوعیت کی بے مثال اور منفرد تقریب ہے، محبت اور یکجہتی کی خوشبو سے پوراپاکستان مہکے گا، مینارٹیز پاکستان کے جسم کا حصہ ہیں، جسم اس وقت تک ہی صحت مند رہتا ہے جب تک اس کے تمام عضاء صحت مند اور فعال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان سب کا ہے، اس کی تعمیر و ترقی میں اقلیتیں ہر دور میں آگے رہیں، ہمیں اپنے ہر شہری پرفخر ہے۔

سہیل احمد رضا نے کہاکہ قیام پاکستان کے موقع پر مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزادی حاصل کی۔ پاکستان واحد اسلامی ریاست ہے جہاں آئین پاکستان میں غیر مسلموں کو مکمل، سیاسی، مذہبی سماجی حقوق کی ضمانت دی گئی۔ تقریب سے ڈاکٹر مجید ایبل، ڈاکٹر منوہر چاند نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top