جمعۃ المبارک کو ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے طور پر منایا جائیگا: تحریک منہاج القرآن

مورخہ: 29 اگست 2018ء

علمائے کرام مساجد میں ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے عنوان سے خطابات کریں، منہاج القرآن علماء کونسل کی اپیل
نماز جمعہ کے بعد تمام بڑے شہروں کے پریس کلب اورمساجد کے باہر پرامن احتجاج کیا جائیگا
مغربی ممالک کو اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات سے آگاہ کرنا ہے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (29 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں 31 اگست جمعتہ المبارک کو ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے طور پر منایا جائیگا، علمائے کرام مساجد میں ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ اور عظمت مصطفی ﷺ کے عنوانات سے خطابات کرینگے، توہین آمیز مواد کے خلاف تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر اندرون اور بیرون ملک کے تمام منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز، مساجد میں محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ سے اظہار وفاداری کیلئے سکالرز ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے عنوان سے خطابات کرینگے، نماز جمعہ کے بعد تمام بڑے شہروں کے پریس کلب کے باہر، مساجد کے باہر پرامن احتجاج کیا جائیگا، اس پرامن احتجاج کا مقصد مغربی ممالک کو اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات سے آگاہ کرنا ہے۔ احتجاج میں شریک عاشقان رسول بلند آواز سے درود و سلام پڑھتے ہوئے اپنے آقا و مولا حضور اکرم ﷺ سے وفاداری اور محبت کا اظہار کرینگے، منہاج القرآن علماء کونسل نے ملک بھر کے علماء کرام سے درخواست کی ہے کہ وہ جمعۃ المبارک کو اسی عنوان سے خطابات کریں۔

مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیائے کرام، الہامی کتابوں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا لہٰذا توہین آمیز مواد شائع کرنے والے دنیا کو ایک نئے تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں، مذہبی مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی سرگرمیاں کسی طور آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتیں۔

انہوں نے کہا کہ توہین آمیز مواد کی اشاعت کرنے والے دنیا کو ایک نئے تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں، اس رویے سے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی۔ مسلمان ایک لاکھ 24 ہزار انبیاء کرام کی تکریم کو اپنا ایمان سمجھتے ہیں اس لیے ان مقدس ہستیوں کے احترام کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ توہین آمیز مواد کے حوالے سے عالمی سطح پر متفقہ ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس میں کسی بھی مذہب کے خلاف توہین آمیز مواد کی اشاعت کو کلیتاً ممنوع قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم اور حساس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے۔ انہوں نے کہا کہ 31 اگست کو ہونے والے پرامن احتجاج میں ملک کی تمام مذہبی، سیاسی، سماجی، صحافی، مزدور، طلباء اور تاجر تنظیموں کے رہنما بھی شرکت کرینگے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن اس اہم ترین معاملے پر مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی جماعتوں کے اہم رہنماؤں سے وسیع تر مشاورت کے بعد آئندہ کیلئے اپنے لائحہ عمل کا اعلان بھی کرے گی۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ، تحریک منہاج القرآن کے دیگر فورمز کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top