پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت کی اور گفتگو بھی کی، تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں معروف روحانی شخصیت پیر طریقت حضرت محمد شاہ ہمدانی، علامہ عبدالخبیر آزاد (خطیب بادشاہی مسجد)، علامہ عمران عباس مظہری، علامہ عبدالستار نیازی (رہنماء جمعیت اہلحدیث)، علامہ سید فرحت حسین شاہ (نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن) سمیت علماء مشائخ، ملک پاکستان کے نامور قراء و نعت خوان ہدیہ عقیدت، معروف شعراء کرام منقبت حضرت امام حسین علیہ السلام پیش کی۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔
خطاب: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے شہادت کے عظیم رتبہ پر فائز ہو کر اپنے وہ تمام چار حق ادا کر دیئے جو کائنات میں کوئی اور ادا نہیں کر سکا۔ حسین علیہ السلام نے بندگی کا حق، اپنی ذات کا حق، انسانیت کا حق اور اس کائنات کا حق کربلا میں ادا کر دیا تھا۔ اللہ کیساتھ ان چاروں تعلقات کی بجا آوری میں انسان اپنی پوری عمر گزار دیتا ہے، یہی وہ تعلق ہیں، جن سے انسان مرد مرتضیٰ بن جاتا ہے۔
معرکہ کربلا میں امام عالی مقام نے ایک ہی مقام پر ان چاروں تعلق کو یکجا کر کے اکھٹے ادا فرما دیا، کائنات میں یہ مثال کہیں اور نہیں ملتی اور یہ مقام صرف امام حسین علیہ السلام کا ہے۔
یزید نے نظام عدل، نظام معیشت، نظام سیاست سمیت ہر نظام کو تہہ و بالا اور چیلنج کر دیا تھا اور یہی وہ چیلنج تھا، جو امام عالی مقام امام حسین کو کربلا تک لے گیا۔ یزید نے اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا۔ کعبۃاللہ پر پتھروں کی بارش کی گئی اور وہاں آگ لگا کر غلاف کعبہ جلا دیا گیا۔ ہزاروں صحابہ کو شہید کر دیا گیا۔ مسجد نبوی میں تین دن تک نماز اور آذان کو معطل کر دیا گیا۔ لوگ خوفزدہ تھے، کوئی بھی یزید کے سامنے بول نہ پاتا تھا یہاں تک کہ ہر کسی کو اپنی جان کا خطرہ تھا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ کربلا میں جس طرح حسین علیہ السلام نے اپنی اور اپنے خانوداے کی جانوں کے نذرانے پیش کیے، یہ رہتی دنیا تک مثال رہے گا۔ امام عالی مقام خود تو شہید ہو گئے لیکن یزید اپنا تخت بچا کر بھی ہار گیا۔ امام حسین علیہ السلام شہید ہو کر بھی فتحیاب ہیں۔ اسی لیے آج ہر کوئی حسین، حسین کرتا ہے اور دنیا میں یزید کا کوئی نام لیوا موجود نہیں۔
Dr. Hussain Qadri attends and speaks at the “Paigham-e-Imam Hussain (AS) Conference” at #MQI headquarters. #پیغام_امام_حسین pic.twitter.com/bUJqwulqDp
— Dr Hussain Qadri (@DrHussainQadri) September 20, 2018
تبصرہ