سہیل احمد رضا کی کیتھولک چرچ کے آرچ بشپ کارڈینل جوزف کوٹس سے ملاقات

عالمی امن پوری انسانیت کے مستقبل کا مسئلہ ہے : آرچ بشپ کارڈینل جوزف کوٹس، سہیل احمد رضا
دہشتگردی عالمی مسئلہ، روک تھام کیلئے عالمی قوتوں کو اخلاص وسنجیدگی سے کام کرنا ہو گا: جوزف کوٹس
پائیدار عالمی امن کیلئے کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، یمن اور برما کے عوام کو بنیادی حقوق دینا ہونگے، سہیل رضا
پائیدار عالمی امن کے قیام کیلئے کشمیر سمیت دیگر عالمی مسائل حل کرنے کیلئے عملی کوششیں کرنا ہونگی، رہنماؤں کی گفتگو

لاہور (20 ستمبر 2017) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے مسیحی عالمی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے مقرر کردہ پاکستان کے کیتھولک چرچ کے آرچ بشپ کارڈینل جوزف کوٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کی روک تھام کو عالمی قوتوں کو اخلاص، سنجیدگی سے سمجھنا ہو گا۔ دہشتگرد عناصر کی سر کوبی کیلئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی محاذ کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ عالمی امن کے قیام کیلئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی رویوں کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ مذاہب عالم کے مابین رواداری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کارڈینل جوزف کوٹس نے کہا کہ عالمی امن پوری انسانیت کے مستقبل کا مسئلہ ہے، مذاہب کا باہمی احترام اور انسانی اقدار کا تقدس ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سربلندی، استحکام اور ترقی میں مسیحی قوم کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مذہبی رواداری کے فروغ اور معاشرتی تصادم سے دنیا کو محفوظ بنانے میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو موجودہ حالات میں مذہبی رواداری کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر رونما ہونیوالے تنازعات کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے۔

مسیحی مذہبی رہنما سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ 21 ستمبر کو ساری دنیا امن کا عالمی دن منا رہی ہے۔ یو این او کے تحت امن کے عالمی دن کو منانے کا بنیادی مقصد دنیا میں تنازعات کے خاتمے، امن کا فروغ اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مزید موثر و متحرک ہونا ہے۔ عالمی امن کے دن کے موقع پر دنیا کے موثر ممالک کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا، جب تک کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، یمن اور برما کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے۔ انکی داخلی، خارجی خودمختاری کو تسلیم نہیں کیا جاتا، دنیا پر جنگ اور دہشتگردی کے بادل چھائے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار عالمی امن کے قیام کیلئے کشمیر سمیت دیگر عالمی مسائل حل کرنے کیلئے عملی کوششیں کرنا ہونگی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top