نوجوان واقعہ کربلا اور مقام امام حسین علیہ السلام کو اپنے مطالعے کا حصہ بنائیں: مظہرمحمود علوی
مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیت اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے: مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ
کربلا کا پیغام مظلوموں کے مقابلے میں ظالموں کے خلاف ڈٹ جانا ہے: پیغام حضرت امام حسینؓ کانفرنس سے خطاب
لاہور (20 ستمبر 2017) منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ اہل بیت کی محبت سے خالی دل مردہ ہیں، نوجوان فکری حسینی سے تعلق جوڑیں، نوجوان حسنین کریمین علیہما السلام کے نقش قدم پر چلیں، اپنی زندگیاں ان مقدس ہستیوں کے نقش قدم پر گزاریں، ان جیسا تقوی اور پرہیز گاری پیدا کریں، خانوادہ رسول ﷺ دین حق کے لیے جانوں کی قربانیاں دے کر قیامت تک کے لیے ظالموں کا سر نیچے کر دیا، امت مسلمہ کے نوجوان واقعہ کربلا، شان امام حسین اور مقام امام حسین علیہ السلام کو اپنے مطالعے کا حصہ بنائیں، حضرت امام حسین علیہ السلام کی پاک و مقدس زندگی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی کوشش کریں، وہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام عزیز بھٹی ٹاؤن، مغل پورہ میں پیغام امام حسین علیہ السلام کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر منصور قاسم اعوان، شعیب مغل، حاجی فرخ، حافظ وقار، رضوان حمید ودیگر موجود تھے۔
مظہر محمود علوی نے کہا کہ مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیت اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے، کربلا کا پیغام مظلوموں کے مقابلے میں ظالموں کے خلاف ڈٹ جانا ہے، حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کربلا میں آزمائشوں سے دوچار ہوئے، جام شہادت نوش کر لیا مگر جابر اور بد کردار حکمران کے سامنے سر نہیں جھکایا، انہوں نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے اسے اندرونی وبیرونی سازشوں سے محفوظ بنانے کے لیے فکر حسین علیہ السلام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، یزید ایک نااہل اور بدکردار شخص تھا جس نے مصطفوی تعلیمات اور قرآن پاک کے آفاقی پیغام کو دنیاوی اقتدار کے لیے پامال کرنے کی ناپاک حرکت کی، واقعہ کربلا سے پیغام ملتا ہے کہ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔
تبصرہ