منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے زیراہتمام مدینۃ الزاہرا میں ’’درسِ کربلا کانفرنس‘‘ کا انعقاد

منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے زیراہتمام مدینہ الزاہرا میں شہدائے کربلا کی یاد میں ’’درسِ کربلا کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام ڈائریکٹر ’’مدینہ الزاہرا‘‘ شیخ محمد افضل سعیدی کی زیرنگرانی منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن برمنگھم کے ڈائریکٹر علامہ اشفاق عالم قادری مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز حافظ طارق محمود کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ مدینہ الزاہرا کے سٹوڈنٹس، محمد اسماعیل، فیضان رضا قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ بریڈ فورڈ سے محمد اعجاز قادری، عاطف ریاض، برمنگھم سے تشریف لائے ہوئے محمد افضل ڈوگر اور معروف نعت خوان عبدالقادر نوشاہی نے بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہدائے کربلا کے حضور کلام پیش کیے۔

پروگرام میں علامہ اشفاق عالم نے اپنے خطاب میں محبت اہلبیت اطہار کی اہمیت و فضیلت ہر روشنی ڈالی۔ انہوں نے احادیث نبویہ کے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسنین کریمین اور اہلبیت اطہار کی محبت دراصل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہے اور اسکا اجر دنیوی و اخروی زندگی میں کامیابی کی صورت میں ملتا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر کانفرنس کے میزبان شیخ علامہ محمد افضل سعیدی نے مہمانان گرامی اور شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مدینہ الزاہرا پراجیکٹ کی اہمیت و افادایت پر مختصر گفتگو کی۔

درودوسلام کے بعد امت مسلمہ کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شرکاء کو لنگرِ حسینی پیش کیا گیا۔

کانفرنس کی نقابت کی ذمہ داری محمد نعیم رضا قادری نے ادا کی جبکہ منتظمین میں حذیفہ الیمانی، علیم ظہور الدین، فوزان احمد، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج سسٹر لیگ نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top