سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس: ملزمان پر تیسری مرتبہ فرد جرم عائد

ایس پی فرخ رضا عدالت سے اجازت لیے بغیر بیرون ملک چلے گئے تھے، واپسی پر فرد جرم عائد ہوئی
استغاثہ کے مطابق ایس پی فرخ رضا کے حکم پر پولیس کانسٹیبلوں نے فائرنگ سے شکیل اور یوسف کو زخمی کیا
سپریم کورٹ کے حکم پر انسداد دہشت گردی عدالت ہر جمعہ اور ہفتہ کو دو روز کیس کی سماعت کرے گی
شریف برادران کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے ڈرافٹ تیار، ڈاکٹر طاہرالقادری منظوری دینگے

لاہور (15 اکتوبر 2018) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے 14 بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس افسران کے خلاف تیسری بار فرد جرم عائد کر دی، فرد جرم تیسری مرتبہ ایس پی فرخ رضا کے عدالت میں پیش ہونے کے بعد عائد کی گئی جو عدالت سے اجازت لیے بغیر بیرون ملک چلے گئے تھے، پہلی فرد جرم استغاثہ کی منظوری کے وقت عائد کی گئی تھی، دوسری بار سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی لاہور ہائیکورٹ سے درخواست مسترد ہونے پر فرد جرم عائد کی گئی اور اب تیسری بار ایس پی فرخ رضا کی وجہ سے فرد جرم عائد ہوئی، ایس پی فرخ رضا سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں طلب کیے جانے والے پولیس افسران کی فہرست میں شامل تھے جنہیں شہبازحکومت نے محکمانہ کورس پر بیرون ملک بھجوا دیا تھا، گزشتہ ہفتہ جب وہ واپس آئے تو انہیں لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کر کے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے ضمانت لینے کے بعد ضابطے کے مطابق ان پر فرد جرم عائد کی۔

مؤرخہ 15 اکتوبر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پولیس کی طرف سے پیش کیے گئے چالان 510 کے ملزمان عوامی تحریک کے رہنما ساجد محمود بھٹی اور تنویر اعظم پیش ہوئے تاہم کوئی کارروائی نہ ہو سکی اور ان کی ضمانت کی کنفرمیشن کے حوالے سے مزید سماعت 19 اکتوبر کو ہو گی۔

عوامی تحریک کی طرف سے مستغیث جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، ایس پی فرخ رضا پر استغاثہ میں الزام ہے کہ انہوں نے پولیس کانسٹیبلان کو فائرنگ کا حکم دیا اور ان کے حکم پر کی جانے والی فائرنگ سے عوامی تحریک کے کارکن شکیل احمد اور محمد یوسف شدید زخمی ہو گئے تھے۔

دریں اثناء عوامی تحریک کے رہنما نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شریف برادران کی طلبی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے جو درخواست خارج ہوئی تھی اس کی سپریم کورٹ میں اپیل کے لیے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی ہے جس کی حتمی منظوری ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دینگے، انہوں نے بتایا رواں ہفتہ اپیل دائر کر دی جائے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت ہفتہ میں دو بار ہوا کرے گی اور اس حوالے سے ہر جمعہ اور ہفتہ کو سماعت ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top