دعاگو ہوں حکومت کامیاب اور سرخرو ہو: ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد تحریک منہاج القرآن سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اکرم چودھری کی ملاقات، عیادت کی
ریاست مدینہ کے ماڈل بارے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحقیق سے استفادہ کرینگے: مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب
نظم و ضبط کے قومی کلچر کے فروغ کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل کروا رہے ہیں
کروڑوں کے اخراجات کو لاکھوں میں لے آئے ہیں: مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کی گفتگو

لاہور (30 اکتوبر 2018) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر محمد اکرم چودھری نے قائد تحریک منہاج القرآن، سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی، انکی عیادت کی، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اکرم چودھری نے کہا کہ قوم اور امت مسلمہ کو ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی علمی شخصیت کی ضرورت ہے، انکے علمی تحقیقی کام سے آئندہ نسلیں بھی مستفید ہونگی۔ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانے کیلئے ادارہ منہاج القرآن نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں قابل قدر کام کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سادگی کے کلچر کو پروان چڑھا رہی ہے، سادگی کے اس کلچر کی ابتدا وزیر اعظم ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤسز سے کی ہے، پائی پائی قوم کی امانت ہے، کروڑوں کے اخراجات کو لاکھوں میں لے آئے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل اورمعیشت کو پٹڑی پر چڑھانے کیلئے جو بھی ممکن ہوا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط کے قومی کلچر کو فروغ دینے کے مشن کا آغاز ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے سے کیا ہے، اس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کے ریاست مدینہ کے حوالے سے علمی، تحقیقی کام سے استفادہ کرینگے۔

قائد تحریک منہاج القرآن نے بیمار پرسی کیلئے آنے پر اکرم چودھری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے عوامی خدمت کے جو اہداف مقرر کئے ہیں میں دعا گو ہوں وہ اس میں کامیاب اور سرخرو ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top