اوسلو: منہاج حلقہ درود (خواتین) ناروے کے زیراہتمام محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد

منہاج حلقہ درود (خواتین) ناروے کے زیراہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے اوسلو مرکز میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں خواتین کی میلاد النبی ﷺ کی خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں میلاد النبی ﷺ اور منہاج القرآن کا پیغام بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔ پروگرام میں اوسلو اور گردونواح سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفل میں منہاج حلقہ درود ناروے کی تمام علاقائی ٹیموں، Holmlia، Furuset، Veitvet، Lørenskog، Sandvika، Dramman، Nannestad، Doctors اور Youth حلقہ درود نے نہایت محبت و عقیدت درود پاک پیش کیا اور محفلِ میلاد کو یادگار بنا دیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز سورۂ والضحیٰ کی تلاوت سے باجی ثمینہ اسحاق نے کیا۔ سورۂ مبارکہ کا اردو ترجمہ باجی سلمیٰ ظفر اور نارویجن ترجمہ باجی سونیا نے پیش کیا، جس کے بعد استقبالیہ کلمات باجی سعدیہ شہزاد نے ادا کیۓ۔ حمد باری تعالٰی پیش کرنے کی سعادت باجی انجم بٹ نے حاصل کی۔ منہاج حلقہ درود ناروے کی جونئیر ٹیم نے گروپ کی صورت میں عربی اور اردو میں نعتیں پیش کیں۔ باجی نوشابہ، باجی سعدیہ آصف اور باجی فرح ناز نے میلاد النبیﷺ کی نعتوں کے ساتھ محفل میں خوشیوں کے رنگ بھر دیئے۔

صدر منہاج حلقہ درود ناروے باجی ڈاکٹر نازیہ بتول نے فورم کا تعارف کروایا اور شرکاء محفل کو اپنے گھروں میں حلقہ جاتِ درود قائم کرنے کی ترغیب دی۔ باجی عنبرین قریشی صدر منہاج ویمن لیگ اور باجی خدیجہ قراۃالعین صدر سسٹرز لیگ نے اپنے فورمز کی نمائندگی کرتے ہوئے فورم کے زیراہتمام ہونے والی سرگرمیوں کے بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔

باجی طیبہ نجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے مساجد کی تعمیر، اس کے اجرو ثواب اور انسانی زندگی میں ان کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ باجی روبینہ طارق نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کا تعارف پیش کیا اور موجودہ دور میں ایمان کو بچانے کیلئے دینِ اسلام کی تعلیمات سے جُڑ جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات میں سے ’’محبتِ رسولﷺ‘‘ کے عنوان سے 20 منٹ کا ویڈیو کلپ بھی دکھایا گیا۔

حلقات درود میں اجتماعی طور پر پڑھے جانے والے خصوصی وظائف بھی اس محفل کا حصہ رہے۔ حافظہ فرح بتول نے خوش الحانی سے وظائف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ محفل کا اختتام سے درود و سلام پڑھا گیا اور آخر میں منہاج القرآن ناروے کی دعوہ کوآرڈینیٹر باجی طاہرہ فردوس نے پر سوز دعا کی۔ جس کے بعد حاضرین کی تواضع ضیافتِ میلاد سے کی گئی۔ پروگرام میں معاونت کے فرائض باجی عظمیٰ اکرم نے بطریق احسن سرانجام دیئے۔

رپورٹ:طیبہ نجم

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top