حضور نبی اکرم ﷺ کی امن اور محبت پر مبنی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

میلاد کانفرنس میں تمام مذاہب کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے، منہاج علماء کونسل کو ہدایت
میلاد النبی ﷺ کی محافل کا ایک مقصد تمام مکتب فکر میں آپ ﷺ کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے

لاہور (13 نومبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ ﷺ کی امن اور محبت پر مبنی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں۔ میلاد النبی ﷺ کی محافل بین المذاہب ہم آہنگی، ملی و قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اہم ہیں، انہوں نے منہاج علماء کونسل کو ہدایت کی کہ 11 اور 12 ربیع الاول مینار پاکستان پر ہونے والی 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں جملہ مذاہب و مسالک کے علمائے کرام و نمائندگان کو حسب روایت شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے، وہ اپنی رہائش گاہ پر منہاج علماء کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل اور عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کے دینی کلچر کو فروغ دینے کے مقاصد میں سے ایک بڑا مقصد تمام مکتب فکر میں حضور ﷺ کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفیﷺ سے محبت کرنے کے بعد ان کی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ جشن میلاد النبی ﷺ کا عمل مسلمانوں کو حضور نبی اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجنے جیسے اہم ایمانی عمل کی طرف رغبت دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں روشن کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top