کنونشن سنٹر میں میلاد کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں: تحریک منہاج القرآن اسلام آباد

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماوں ابرار رضا ایڈووکیٹ، میر اشتیاق احمد، راجہ منیر اعجاز، غلام علی خان، شعیب مغل، عثمان ارشد، طیب قادری نے کہا کہ 18 نومبر کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منہاج القرآن کے تحت ہونے والی عظیم الشان میلاد کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، سیکیورٹی کے لئے سینکڑوں نوجوانوں کی منظم ٹیم بنا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل بین المذاہب ہم آہنگی، ملی و قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اہم ہیں، اسی یکجہتی کے فروغ، اتحاد امت اور امن کے پیغام کو عام کرنے کے لئے جناح کنونشن سنٹر میں منہاج القرآن کے تحت ہونے والی عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے فرزند صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے۔

کانفرنس میں جملہ مذاہب و مسالک کے علمائے کرام و نمائندگان کو شرکت کی خصوصی دعوت دی جارہی ہے، تقریب میں نامور مشائخ، جیدعلمائے کرام، ممتاز ثناخوان، سیاسی و سماجی، وکلاء، تاجر تنظیموں کے نمائندہ وفود خواتین و حضرات شرکت کریں گے۔ کنونشن سنٹر کی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے لئے مختلف انتظامی کمیٹیاں جن میں میڈیا کمیٹی، استقبالیہ کمیٹی، انتظامی کمیٹی، دعوتی کمیٹی، تشہیری کمیٹیاں اپنا اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا تقریب میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیرداخلہ شہر یار آفریدی، وزیر خزانہ اسد عمر، صداقت عباسی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر صحت عامر کیانی، صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ، ممبر صوبائی اسمبلی اعجاز خان، ملک فخر زمان عادل، حاجی گلزار اعوان سمیت متعدد مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات کو دعوت دی جا رہی ہے۔

کنونشن سنٹر کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں اور پھولوں سے سجایا جائے گا۔ رہنماوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل اور میلاد کانفرنس کے انعقاد کے دینی کلچر کو فروغ دینے کے مقاصد میں سے ایک بڑا مقصد تمام مکتب فکر میں حضور ﷺ کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے، کیونکہ ذات مصطفیﷺ سے محبت کرنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں روشن کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top