منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایک روزہ جیو جٹسو مارشل آرٹس ٹریننگ کیمپ ہو گا

انٹرنیشنل مارشل آرٹس برازیلین کوچ کارلوس المیڈا نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے
ٹریننگ کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری کرینگے
ٹریننگ کیمپ سے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، سیلف ڈیفنس اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا: چوہدری منیر حسین

لاہور (14 نومبر 2018) منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایک روزہ برازیلین جیو جٹسو مارشل آرٹس ٹریننگ کیمپ آج ہو گا، انٹرنیشنل مارشل آرٹس برازیلین کوچ کارلوس المیڈا پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء، کلبوں اور ڈیپارٹمنٹس کے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔ ایک روزہ ٹریننگ کیمپ میں آنیوالے کھلاڑی جیو جٹسو مارشل آرٹس ٹریننگ کیمپ میں سیلف ڈیفنس، مارشل آرٹس کے حوالے سے جدید تکنیکی مہارتیں سیکھیں گے۔

ٹریننگ کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری کرینگے۔ ٹریننگ کیمپ کے انتظامات کے حوالے سے یونیورسٹی میں منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس منہاج یونیورسٹی چوہدری منیر حسین نے کہاکہ اس ایک روزہ کیمپ میں 150سے زائد کھلاڑی شرکت کرینگے۔ انٹرنیشنل کوچ کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس، مارشل آرٹس ٹریننگ، ککس فائٹنگ، جمناسٹک سمیت جیو جٹسو مارشل آرٹس کے حوالے سے جدید تکنیک سکھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ٹریننگ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر فہد سرور، کرنل (ر)محمد احمد، کرنل(ر) مبشر اقبال، خرم شہزاد سمیت منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ ، مارشل آرٹس و دیگر کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی شرکت کرینگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ٹریننگ کیمپ میں آنیوالے بچوں کی ذہنی نشو ونما کے علاوہ فزیکل فٹنس سمیت سیلف ڈیفنس اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ منہاج یونیورسٹی پاکستان میں مارشل آرٹس سیکھنے والے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کوچ سے ٹریننگ کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ منہاج یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کر کے نوجوانوں کو پھلنے پھولنے اور صلاحیتیں دکھانے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کھیل کی جانب راغب کریں تاکہ آنیوالی نسل نہ صرف صحت مند ہو بلکہ کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام بھی روشن کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top