اسلام آباد: کنونشن سینٹر میں منہاج القرآن کی میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس، ڈاکٹر حسین محی الدین کا خطاب

تحریک منہاج القران اسلام آباد کے زیراہتمام 18 نومبر 2018ء کی سہ پہر کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ’میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی اور خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں نامور مشائخ، جید علمائے کرام، ممتاز ثناخوان، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء اور تاجر تنظیموں کے وفود اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد منتظمین نے مہمانِ خصوصی اور شرکاء کو استقبالیہ پیش کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خصائص نبوت میں سے ایک نمایاں ترین خصوصیت یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرکزِ ہدایت ہیں۔ آپ کا دین قیامت تک کل انسانیت کے لیے ہدایت و نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ انسانی میں یہ امتیاز صرف نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حاصل ہے کہ آپ کی انفرادی، معاشرتی اور قومی زندگی کا ایک ایک لمحہ محفوظ اور اہل ایمان کیلئے مینارہ نور کی صورت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے لاتعداد گوشے ہیں جن کا احاطہ انسانی عقل نہیں کر سکتی۔ اس رحمت کا دائرہ کار صرف انسانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ تمام عالمین کو محیط ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک آمد سے لسانی، علاقائی، نسلی اور قومی چوہدراہٹ کے بُت پاش پاش کر دیئے گئے، افتادہ و پسماندہ طبقات کو جتنا تحفظ و احترام رسولِ رحمت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطاء فرمایا۔ دنیا کے کسی بھی آئین و قانون میں اسکی نظیر نہیں ملتی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کا ہر پہلو روشن، تابندہ، رخشندہ، درخشندہ اور چمکدار نظر آتا ہے۔

میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں میڈیا کمیٹی، استقبالیہ کمیٹی، انتظامی کمیٹی، دعوتی کمیٹی، تشہیری کمیٹی اور دیگر نے بخوبی خدمات سر انجام دیں۔ کانفرنس کے دوران پاکستانی سوشل میڈیا پر MiladConferenceIslamabad# ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top