منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حسن ابدال کے زیراہتمام 5 شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شرکت

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حسن ابدال کے زیراہتمام 5 شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے جبکہ اس موقع پر اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب میں منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب میں شریک 10 خاندانوں کے 600 سے زائد باراتی تقریب میں شریک ہوئے، ہر جوڑے کو 2 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان گفٹ کیا گیا۔ نوبیاہتا جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا۔

تقریب کے لیے پنڈال کو خوبصورتی سے سجا کر خوشی کی اس تقریب کو منایا گیا۔ منہاج القرآن کے قائدین نے باراتیوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا۔ باراتی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے ہوئے پنڈال میں داخل ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی کمزور، مستحق اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی و امداد میں شب و روز مصروف عمل ہے۔ تحریک منہاج القرآن پورا سال غریب و مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد کرتی ہے۔ ہزاروں بے سہارا بچیاں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر خوشحال زندگی بسر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت چلنے والے سینکڑوں تعلیمی ادارے ملک سے جہالت کے اندھیروں کو دور کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام اور انسانیت کی خدمت کا اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پردلہنوں کو قرآن پاک کے سائے تلے ڈھیروں دعاؤں میں رخصت کیا گیا، خوشی کے اس موقع پر بھی تقریب میں موجود خواتین کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top