پاکستانی عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں: لہراسب گوندل ایڈووکیٹ

پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کا اجلاس، وکلاء عہدیداران کو قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی میں شرکت کی دعوت

لاہور (01 دسمبر 2018) پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کا اہم اجلاس مرکزی صدر چوہدری لہراسب گوندل کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں عوامی لائرز موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 3 دسمبر کو ایوان اقبال میں منعقد ہونیوالی قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لہراسب گوندل نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ہے، آئندہ بھی وکلاء آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، وکلاء ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور پاکستان کے عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے ذمہ داروں کوکیفر کردار تک پہنچتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، ریاستی دہشتگردی کرنیوالے معصوم لوگوں کے قاتلوں کا کیفر کردار تک پہنچنا قانون کی بالادستی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو سزا ملنے سے غریب عوام کو یہ اعتماد حاصل ہو گا کہ آئندہ کوئی طاقت ور حکمران اپنے اقتدار کے نشے میں کسی کمزور اور بے گناہ کی جان نہیں لے سکتا، لہراسب گوندل نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی فیئر تفتیش چاہتے ہیں، کیونکہ فیئر تفتیش کے بغیر فیئر ٹرائل کا ہونا ناممکن ہے، امید ہے سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا اور ماڈل ٹاؤن سانحہ میں ملوث مجرم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، پاکستانی عوام انصاف کیلئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں رفاقت علی کاہلوں ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، اشفاق نجم ایڈووکیٹ، آصف اصغر ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء رہنما شریک تھے۔

دریں اثناء عوامی لائرز موومنٹ کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور لاہور بار کے عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں 3 نومبر کو ایوان اقبال میں ہونیوالی قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد نے وکلاء رہنماؤں کو بتایا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 5 ہزار سے زائد موضوعات اور 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا مرتب کی ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا میں ایمانیات کے موضوع سے لے کر دنیاوی معاملات، سائنسی علوم، اخلاقیات سمیت قرآن مجید میں زیر بحث آنیوالے احکامات کو مختلف مضامین کے تحت رقم کیا گیا ہے۔ جس سے ہر سطح کا علم رکھنے والا شخص مستفید ہو سکتا ہے۔ عوامی لائرز موومنٹ کی دعوت پر سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ اور لاہور بار کے رہنماؤں نے ایوان اقبال کی تقریب میں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top